کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں میں خورو برد اور بدعنوانی کی تحقیقاتی کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد اقبال کلہوڑوپر مشتمل انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا ہے جو آج صبح 10بجے سے سندھ ہائی کورٹ میں ہی کارروائی کا باقاعدہ
آغاز کرے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا ہے جبکہ ایڈیشنل ایم آئی ٹی ٹو غلام مصطفےٰ چنا کو اس کمیشن کا رجسٹرار مقرر کر دیا ہے ، کمیشن اپنی کارروائی کا باقاعدہ آغاز آج صبح 10بجے سندھ ہائی کورٹ میں کرے گا ، کمیشن کی کارروائی کھلی عدالت میں کی جائے گی اور اگر کوئی فرد کمیشن کی کارروائی میں حصہ لینا چاہتا ہو یا تحقیقاتی کمیشن کی دستاویزات کے ذریعے مدد کرنا چاہتا ہوتو وہ کمیشن کے رجسٹرار غلام مصفطےٰ چنا سے براہ راست مل کر کارروائی میں شامل ہو سکتا ہے ، انکوائری کمیشن اپنی تحقیقات کے دوران درخواست گزار اور دیگر متعلقہ حکام کا بھی موقف سنے گا اور تحقیقات مکمل کرکے 6ہفتوں میں رپورٹ عدالت عظمیٰ کے روبرو پیش کرے گا۔