شکارپور،اینٹی کرپشن کا پولی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ آفس پر چھاپا

370

شکارپور(نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن پولیس کی جانب سے پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ آفس پر چھاپا ، ریکارڈ ضبط ، مورا اسکالرشپ اور دیگر مدوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، سرکل آفیسر کی میڈیا سے بات چیت ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اینٹی کرپشن شکارپور کی پولیس نے سرکل آفیسر عبدالوہاب بڑو ففتھ سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ریڈر کو ساتھ لیکر گورنمنٹ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ شکارپور کے آفس پر چھاپا مارکر گزشتہ چار سالوں کا ریکارڈ لیکر سیل اوربعد میں ضبط کرلیا گیا جبکہ ایڈمن آفیسر اعجاز راجپوت سے آفس میں تفتیش کرکے مشیر نامہ تیارکرلیا۔دوسری طرف سرکل آفیسر عبدالوہا ب برڑو نے بتایا کہ سابق پرنسپل اور ایڈمن آفیسر وجاہت مہر نے ڈائریکٹرمحبوب علی اور آفیسر دیوان سری چند کے ساتھ مل کر گزشتہ چارسالوں سے امریکا کی جانب سے طلبہ کو ملنے والی اسکالر ، سندھ حکومت اور زکوٰۃ آفس سے ملنے والی مورا اسکالر اوردیگر مدوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ اینٹی کرپشن سرکل آفیسر نے بتایا کہ وجاہت مہر نے 40 میں سے 27 ایسے طلبہ ہیں جو مہر برادری سے تعلق رکھتے ہیں جن کی آڑ میں امریکا سے ملنے والی اسکالر شپ میں کرپشن کی گئی ہے جبکہ گزشتہ چارسالوں سے ملنے والے بجٹ میں سے بھی کوئی کام نہیں ہوا ہے اور بجٹ ہڑپ کرلیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ملنے والے کمپیوٹر اور جنریٹر غائب ہیں۔ انہو ں نے مزید کہاکہ ڈی سی او سعید احمد منگہریجو کے جس آفس میں جاتا ہوں تو اس کی شکایتیں ملتی ہیں کہ اس نے تباہ کردیا ہے یہاں تک کہ کمپیوٹر بھی لے کر گیا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ریکارڈ ضبط کرلیاگیا ہے ،مکمل تفتیش کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف سابق پرنسپل اور ایڈمن آفیسر وجاہت مہرنے بتایا کہ میری ڈیوٹی خیرپور میں ہے ،میں نے کوئی بھی کرپشن نہیں کی ہے ،سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ سرکل آفیسر نے یہ کارروائی کیسے کی ہے۔