این ای ڈی یونیورسٹی میں جمعیت اور اے پی ایم ایس او میں تصادم،5طلبازخمی

444

این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں اے پی ایم ایس او اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں 5طالبعلم زخمی ہوگئے جب کہ رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے 10کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے پی ایم ایس او اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان  میں تکرار سے شروع ہونے والے معاملہ جھگڑے کی صورت اختیارکرگیا۔ طلباء تصادم میں دونوں جانب سے ڈنڈوں، لاتوں  اور گھوسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جب کہ ایک دوسرے پر پتھر بھی برسائے گئے۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں طلباء تنظیموں کے 5کارکنان زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری یونیورسٹی پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو کرلیا جب کہ رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 10طلباء کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

دوسری جانب اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لسانی طلبہ تنظیم کے غنڈوں نے کینٹین میں بیٹھے اسلامی جمعیت طلبہ کے نہتے طلباء پر حملہ کیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔