پاکستان میں داعش کاکوئی وجود نہیں،ترجمان دفترخارجہ

477

دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ چند افراد انفرادی طور پر داعش کا نام استعمال کر رہے ہیں ۔ کہتے ہیں کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات جنوری کے وسط میں جبکہ افغان امن عمل کی بحالی کےلئے چار ملکی اجلاس 15 سے 31 جنوری کے درمیان اسلام آباد میں ہو گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مطابق پاک بھارت سیکرٹری خارجہ دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کا شیڈول طے کریں گے۔ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان اور حکومت میں مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان ، افغانستان ، چین اور امریکا کا اجلاس بھی اسلام آباد میں ہو گا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سال 2015 میں پاک بھارت مذاکرات کی بحالی، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ، شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی رکنیت، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد اور افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار اہم کامیابیاں ہیں۔

داعش کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں اگرچند افراد انفرادی طور پر داعش کا نام استعمال کر رہے ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے ۔ داعش منظم انداز میں پاکستان میں موجود نہیں ۔ پاکستان میں داعش سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد پکڑے گئے جن سے تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے داعش کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔