Earn Money 365

 

 

 

 

 

 

سرورق > کراچی

کراچی


2010-03-11 00:00:00 PST قبضہ مافیا کے سرپرست پولیس افسران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی‘ ذوالفقار مرزا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی سندھ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ انسداد تجاوزات کے سلسلے میں قائم کیے گئے پولیس اسٹیشن کو فوری طور پر متحرک کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری زمینوں کی واگزاری کے ساتھ ساتھ لینڈ مافیا کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ واضح رہے کہ حکومت سندھ نے بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایک مکتوب پر کارروائی کرتے ہوئے باقاعدہ انسداد تجاوزات پولیس اسٹیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ مذکورہ تھانہ کراچی، ٹھٹھہ اور جامشورو کے اضلاع میں سرکاری زمینوں کی حفاظت، قبضہ کی گئی سرکاری اراضی کی واگزاری اور لینڈ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن جیسی ذمہ داریوں میں اپنا کردار انجام دے گا۔ وزیر داخلہ نے مزید ہدایات دیں کہ مذکورہ تھانہ کے سلسلے میں درکار افرادی قوت، اسلحہ وآلات وغیرہ درکار فوری نوعیت کے امور پر مشتمل سفارشات فوری ارسال کی جائیں تاکہ مقرر کردہ اہداف کے سلسلے میں عملاً اقدامات کو فوری طور پر ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے صوبے کے دیگر تھانہ جات کو ہدایات دی ہیں کہ سرکاری زمینوں کی واگزاری کے سلسلے میں قائم کیے گئے خصوصی تھانے سے تمام تر ممکنہ تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایات دیں کہ پولیس افسران واہلکار تفویض کی گئیں ذمہ داریاں انتہائی غیر جانبداری سے انجام دیں بصورت دیگر لینڈ مافیا سے ملی بھگت یا ان کی سرپرستی یا سرکاری زمینوں پر قبضوں جیسی شکایات سامنے آنے پر سخت احتسابی عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

Share