الجھے بال

800

اس سے قطع نظر کہ بال سیدھے ہیں، لہریے دار ہیں یا گھنگریالے… ہر طرح کے بال اُلجھائو کا شکار ہوسکتے ہیں، اور یہ بہت ہی پریشان کن مسئلہ ہوتا ہے۔ تاہم وہ خواتین جن کے بال قدرتی طور پر گھنگریالے ہیں، اُن کے لیے تو اُن کے بال ہمیشہ چیلنج بنے رہتے ہیں۔ ماہرِ آرائشِ گیسو کا کہنا ہے کہ جن خواتین کے بال گھنگریالے ہوتے ہیں اُن کی اکثریت بس ایک ہی طرح کی شکایت کرتی ہے کہ اُن کے بال الجھے الجھے رہتے ہیں اور انہیں سلجھانا بے حد مشکل ہوتا ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے کئی طریقے ہیں اور ان میں قدرتی طریقہ بھی ہے اور مصنوعی بھی، یعنی پروڈکٹس کے ذریعے۔ اگرچہ بالوں کا الجھائو گھنگریالے بالوں میں زیادہ دیکھا گیا ہے مگر جن کے بال ٹوٹ پھوٹ کے عمل سے گزر رہے ہیں، وہ بھی اس الجھائو کی شکایت کرسکتی ہیں۔ الجھائو تب شروع ہوتا ہے جب بالوں کو پروسیسنگ کے عمل سے نقصان پہنچتا ہے، یا پھر بالوںکو اسٹائل دینے والی پروڈکٹس اور آلات کا بالوں پر بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ وہ تمام عوامل جو بالوں میں الجھائو پیدا کرتے ہیں، بالوں میں خشکی اور سختی کا سبب بھی بنتے ہیں۔ ان شکایات سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بالوںکو دھونے کے بعد ان پر فیاضی سے اچھے تیل کا استعمال کیا جائے، یا مساج کریں۔ گھنگریالے بالوں کو لمبا کرنے سے بھی مسئلہ حل ہوسکتا ہے، کیوں کہ بال لمبے ہوں گے تو ان کے وزن میں اضافہ ہوگا جس سے بال کھنچے رہیں گے۔ لمبے بالوں کو اسٹائل دینے کے لیے اسٹائلنگ پروڈکٹس کا بھی استعمال کم کرنا ہوگا، اس سے بال الجھائو سے بچے رہیں گے۔

گلاب کے پھولوں کا حسن افزاا ستعمال

گلاب کے پھول کو صدیوں سے خوب صورتی کے حصول کے لیے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جارہا ہے اور موجودہ دور میں بھی اکثر بیوٹی پروڈکٹ میں کسی نہ کسی انداز میں ان کا استعمال لازمی کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کے لیے تازہ گلاب کا حصول آسان ہے تو آپ بھی اس کی افادیت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ پھول کی صاف اور تازہ پتیاں لیں، انہیں دھو کر گرائنڈ کریں اور چائے کا ایک چمچہ دودھ میں ڈال کر گاڑھا پیسٹ تیار کرلیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔ بیس سے پچیس منٹ لگا رہنے دیں، پھر سادہ پانی سے دھو لیں۔ گلاب کی پتیوں کو سائے میں سُکھا کر خشک کرلیں اور ان کا پائوڈر بنا لیں۔ اس پائوڈر کو اپنے گھریلو ساختہ اسکرب میں شامل کریں۔ آپ پتیوں کو پیس کر اپنے نہانے کے پانی میں بھی شامل کرسکتی ہیں۔ اس پانی سے غسل آپ میں تروتازگی کا ایک نیا احساس جگائے گا۔ گلاب کی پتیوں کو پیسنے کے بعد بہت لمبے عرصے تک محفوظ نہ رکھیں، کیوں کہ اگر پتیاں ذرا بھی گیلی ہوں گی تو ان میں تیزی سے پھپھوندی لگ سکتی ہے۔

حصہ