الخدمت فاؤنڈیشن کا قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ

658

شعیب احمد ہاشمی
قربانی ایک مالی عبادت ہے اور شعائر اسلام میںسے ہے۔ ہر وہ مسلمان جوصاحب نصاب ہو، اور چاہے دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھتا ہو اُس پر قربانی فرض ہے۔ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے جس میں لاکھوں جانور اللہ کی راہ میں قربان کیے جاتے ہیں اور اس کا گوشت ضرورت مندوں اور عزیزو اقارب میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
قربانی پراجیکٹ الخدمت فائونڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے ۔ جس میں الخدمت فائونڈیشن ہر سال مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ شہری علاقوں میں بھی بیوائوں ، یتامیٰ اور مساکین میں گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔گزشتہ کئی دہائیوں کے تجربے سے جو تلخ حقائق سامنے آئے ،ہمارے ہی ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں سال میں صرف عید الاضحی کے مو قع پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کو ملنے والی قربانیوں کا ایک بڑا حصہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں اور تنظیموں کی بھیجی گئی قربانیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔پاکستا ن اور تیسری دنیا کے ممالک میں تو قربانی کے جانور کو خریدنے سے لے کر اس کی دیکھ بھال، قربانی کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنے تک کے مرحلے میں خود شامل ہونا آسان بھی ہے اور یہاں کا معاشرہ اور حالات بھی اِن پہلوئوں کی اجازت دیتے ہیں۔ لیکن یورپ، امریکہ اور ایسے ممالک جہاں جانور خریدنا، اس کی دیکھ بھال کرنا ،قربانی کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنا قدرے مشکل ہے یا قربانی کی سہولیات میسر نہیںاور وہاں کے قوانین بھی اس حوالے سے سخت ہیں تو وہاں کے مسلمان قربانی کی رقم پاکستان یا دیگر ایسے ممالک بھجوا دیتے ہیں جہاں الخدمت جیسی تنظیمیں ان کی قربانی مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کرتی ہیں۔کچھ ایسے صاحب استطاعت افراد بھی موجود ہیں جو اپنی قربانی آفت زدگان کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں یا ایک سے زائد قربانی کرنا چاہتے ہیں ۔تو وہ بھی اس سلسلے میں الخدمت فائونڈ یشن سے رجوع کرتے ہیںاور الخدمت ایسے افراد کی قربانی مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے۔ الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد اور اس کے ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت نہ صرف ملک بھر سے بلکہ دیگر ممالک سے بھی سے مسلمان اور برادر تنظیمیں قربانی بھجواتی ہیں۔الخدمت فائونڈیشن مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قربانی پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیسک قائم کیا جاتا ہے جس میں قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کرنے سے لے کر گوشت کی تقسیم اور رپورٹنگ کا اہتمام کرتا ہے۔گزشتہ سالوں میں بھی الخدمت فائونڈیشن نے سیلاب، زلزلے ، تھرپارکر اور فاٹا کے بے گھر افراد کے لیے سمیت گلگت بلتستان ، آزادکشمیر، خیبر پختونخوا،پنجاب، سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔گزشتہ سال عید الاضحی پرالخدمت فائونڈیشن نے1997 بڑے جانور اور1364 چھوٹے جانور قربان کیے ۔جس سے مجموعی طور پر90 ہزار سے زائد خاندانوں نے استفادہ حاصل کیا۔
قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لیے الخدمت گزشتہ کئی سالوں سے قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہائوسز بھی کر رہی ہے جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ھائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جاتا ہے جس کے بعد چلر ٹرکوں کے ذریعے آفات سے متاثرہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچانا ہے۔
شام میں خانہ جنگی اورمیانمار میں حکومتی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم سے لاکھوں کی تعداد میںمہاجرین ترکی اور بنگلہ دیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے اور عارضی کیمپوں میں زندگی کے شب و روز بتا رہے ہیں۔ عام دن تو کسی نا کسی طورگزر جاتے ہیں لیکن کسمپرسی کی اِیسی حالت میںخوشی یا غمی پہاڑ بن کر ٹوٹتی ہے،اپنے گھروں اور خوشحال دنوں کی یاد ستاتی ہے اور ایسی صورت میں یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے اِن بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔الخدمت فائونڈیشن نے عید الفطر کے موقع پر بھی شامی اور روہنگیا مہاجرین کے لیے نئے کپڑوں ، ہائی جین کٹس، بچوں میں کھلونے اور ضروری اشیاء فراہم کی تھیں اور عید الضحی پر بھی پاکستان میں مساکین اور مستحقین میں قربانی کا گوشت پہنچانے کے ساتھ ساتھ شامی اور روہنگیا مہاجرین کے لیے قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی کا حصول بھی الخدمت کی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے جس کے لیے الخدمت فائونڈیشن مرکزی سطح پر مہم چلاتی ہے ، لوکل ٹیمیں شہروں اور قصبوں میںاسٹال لگاتی ہیں،گھروں میں چرم کے حصول کے لیے شاپنگ بیگ تقسیم کیے جاتے ۔ اِ س چرم قربانی سے حاصل ہونے رقم سال بھر جاری رہنے والے الخدمت کے رفاہی کاموں مثلاََہسپتال، کلینک، سکول، بیوائوں میں راشن کی تقسیم، پسماندہ علاقوں میں طلبہ میں اسٹیشنری اور سکول بیگ کی تقسیم، دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے کنویں کھدوانے وغیرہ پر خرچ کی جاتی ہے۔
عید الاضحی ہمیں قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔اس عید الاضحی پر اپنے مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کو خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک رکھیں اوراپنی قربانی اور چرم قربانی الخدمت فائونڈیشن کو عطیہ کیجئے ۔

حصہ