ورلڈ کپ ہنگامہ، جرمنی، برازیل اور اجنٹائن کم بیک کریں گے

202

راشد عزیز
فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کا ہنگامہ جاری ہے، دنیا بھر میں کروڑوں شائقین اس بخار میں مبتلا ہیں اور ہر روز کہیں خوشی، کہیں غم کا کھیل جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں سعودی عرب، مراکش، مصر اور دیگر کئی ٹیمیں جن کا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلینا ہی اعزاز کی بات تھی، واپسی کی راہ پر ہیں، لیکن ٹورنامنٹ کی ٹاپ کی دو ٹیمیں دفاعی چیمپئن جرمنی اور برازیل نے اب تک اپنی کارکردگی سے شائقین کو مایوس کیا ہے۔ جرمنی کی ٹیم اپنے پہلے ہی میچ میں میکسیکو کے ہاتھوں شکست کے بعد سخت اضطراب کا شکار ہے اور اسے ٹورنامنٹ میں واپس آنے کے لیے ’’ڈو آر ڈائی‘‘ کی کیفیت کا سامنا ہے۔ اس کے اگلے دو میچ سویڈن اور جنوبی کوریا کے خلاف ہیں اور کپتان مانویل نوئر کا بھی ماننا ہے کہ یہ کام بہت آسان نہیں۔ برازیل کی ٹیم اگرچہ ہاری نہیں ہے لیکن سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ ڈرا ہونا بھی شکست سے کم نہیں تھا۔ اس میچ کے ڈرا ہونے کے ساتھ ساتھ برازیل کو بڑا نقصان یہ ہوا کہ اس کا سب سے اہم کھلاڑی سپر اسٹار نیمار جس کا کھیل دیکھنے کے لیے پوری دنیا بے تاب ہے، گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگیا ہے اور بہت ممکن ہے کہ وہ باقی میچ نہ کھیل سکے۔
دنیا بھر کے فٹبال شائقین نے اس ٹورنامنٹ میں جن سپر اسٹارز اور ہیروز سے بہت ساری توقعات وابستہ کی تھیں ان میں صرف رونالڈو نے انہیں اپنی کارکردگی سے خوش کیا ہے اور اپنی ٹیم کو دو میچ جتوا دیے ہیں۔ نیمار ان فٹ ہوگیا اور سب سے مقبول کھلاڑی میسی نے اب تک کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا ہے بلکہ وہ ایک پنالٹی کک ضائع کرکے تماشائیوں اور اپنی ٹیم کے لیے مایوسی کا سبب بھی بنا ہے۔ ٹورنامنٹ کا ایک اور مقبول ہیرو محمد صلاح بھی اپنی ٹیم مصر اور اپنے چاہنے والوں کے لیے کچھ خاص کرنے میں ناکام رہا، اور مصر کی ٹیم روس کے خلاف دوسرا میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مایوس کن ابتدا کے باوجود جرمنی، برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیں کم بیک کریں گی اور آئندہ کے میچوں کا رنگ مختلف ہوگا۔
شاندار اور رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد افتتاحی میچ میزبان ورلڈ نمبر 70 روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا گیا تو شائقین فٹبال کو مایوسی کا سامنا ہوا، اور میزبان ٹیم نے سعودی کھلاڑیوں کو دونوں ہاف میں مکمل طور پر بے بس کرکے مقابلہ بآسانی صفر کے مقابلے میں 5 گول سے جیت لیا۔ روسی ٹیم کو ہوم گرائونڈ اور ہوم کرائوڈ کی برتری حاصل تھی اور شائقین کو سعودی ٹیم سے کوئی توقعات بھی نہیں تھیں، تاہم یہ توقع بھی نہیں کی جارہی تھی کہ سعودی ٹیم اس بری طرح سے ہارے گی۔ روس کی جانب سے چیرلی شوف سب سے کامیاب کھلاڑی رہا جس نے دو گول اسکور کیے۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے روز شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا جب مصر اور یوراگوئے کے درمیان زوردار مقابلہ ہوا۔ اس میچ میں مصری کھلاڑی اور سپر اسٹار محمد صلاح کے زخمی ہونے کے باعث نہ کھیلنے پر فٹ بال لورز کو بہت مایوسی ہوئی اور اُس کی غیر موجودگی کی وجہ سے یوراگوئے کی ٹیم جو اپنا 13 واں ورلڈ کپ کھیل رہی ہے، 1-0 سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ واحد گول جوزماریا نے کیا۔
ہفتہ اور اتوار ورلڈ کپ کے سب سے اہم اور سنسنی خیز دن رہے جب دنیا کے مقبول ترین فٹ بالر میسی نے پنالٹی کک ضائع کرکے اپنی ٹیم ارجنٹائن کو پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی آئس لینڈ کی ٹیم کے خلاف یقینی فتح سے محروم کردیا۔ اسی روز ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اور پہلا اَپ سیٹ دیکھنے کو ملا جب دفاعی چیمپئن جرمنی کو میکسیکو کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تمام لوگوں کی توقعات کے برعکس جرمنی کی ٹیم جو نہ صرف دفاعی چیمپئن ہے بلکہ روایتی طور پر بھی فٹ بال کی صفِ اوّل کی ٹیم رہی ہے، 1-0 سے ہاری۔ میچ کا واحد گول ہرونگ لوزانو نے کیا۔ جرمنی کی ٹیم کیوں ہاری؟ اس بارے میں متضاد رائے پائی جاتی ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ چونکہ جرمنی دفاعی چیمپئن ہے لہٰذا اس پر دوسری ٹیموں کے مقابلے میں زیادہ دبائو ہے، جب کہ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ جرمن کھلاڑیوں کی حد سے زیادہ خوداعتمادی اس شکست کا سبب بنی۔ جرمنی کا اسٹار فٹ بالر جوشوا اس میچ میں مکمل طور پر ناکام نظر آیا۔ ورلڈ کپ میں میکسیکو کی جرمنی کے خلاف یہ پہلی کامیابی تھی۔
ٹورنامنٹ کی دوسری موسٹ فیورٹ ٹیم برازیل بھی، جس کا عالمی رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے، اپنا افتتاحی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ پانچ بار کی عالمی چیمپئن اور دنیا کی مقبول ترین ٹیم کے لیے یہ پہلا موقع تھا جب اس کا میچ ڈرا ہوا۔ برازیل کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف اس میچ کے 20 ویں منٹ میں فلپ کوٹینو کے گول کے سبب برتری حاصل ہوگئی تھی لیکن حریف ٹیم کے اسٹیون زوبر نے 50 ویں منٹ میں گول برابر کر دیا۔
ٹورنامنٹ میں ایک قابلِ ذکر واقعہ مراکش اور ایران کے میچ کے دوران ہوا جب میچ مکمل ہونے کے 6 منٹ بعد انجری ٹائم میں مراکشی کھلاڑی عزیز بہادر نے اون گول کرکے اپنی ٹیم کو تباہی سے دوچار کردیا۔ ٹورنامنٹ کے دیگر میچوں میں سویڈن نے جنوبی کوریا کو 1-0 سے اور بیلجیئم نے پاناما کو 3-0 سے شکست دی، اس کے علاوہ 1998ء کے عالمی چیمپئن فرانس نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 کے مقابلے میں 2 گول سے جیتا اور اس طرح ٹورنامنٹ میں اب تک یورپی ٹیموں کا پلہ بھاری ہے۔

ورلڈ کپ ڈائری2018ء

٭ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان ملک روس نے سعودی عرب کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم کی فتح کے ریکارڈ کو برقرار رکھا۔ اب تک کھیلے گئے تمام 21 افتتاحی میچوں میں کبھی کسی میزبان ٹیم کو شکست نہیں ہوئی ہے۔
٭سعودی عرب کے خلاف افتتاحی میچ میں روس کی 5-0 سے کامیابی ورلڈ کپ کی تارخ کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قبل 1934ء کے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اٹلی نے امریکا کو 7-1 سے شکست دی تھی۔
٭افتتاحی میچ میں سعودی عرب کی بدترین شکست پر سعودی عرب میں سخت مایوسی پھیلی اور سعودی فٹبال فیڈریشن نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس مایوس کن کارکردگی پر ذمے دار کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
٭ فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں ریفری کے فیصلوں کی نگرانی کے لیے پہلی بار وڈیو ریفری سسٹم کا آغاز ہوا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے وڈیو اسٹنٹ ریفری سسٹم (وی اے آر) متعارف کرایا گیا ہے تاکہ تین اسٹنٹ ریفری گرائونڈ میں موجود ریفری کے فیصلوں کی نگرانی کریں اور تنازعات سے بچا جاسکے۔
٭ دنیا کے مقبول ترین اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے آئس لینڈ کے خلاف پنالٹی مس کرکے نہ صرف اپنی ٹیم ارجنٹائن کو آئس لینڈ کے خلاف فتح سے محروم کردیا بلکہ دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں کے دل توڑ دیے۔ میسی کو اب پنالٹی کک ضائع کرنے والے فٹبالر کے نام سے یاد کیا جانے لگا ہے، وہ اپنے کلب بارسلونا اور قومی ٹیم ارجنٹائن کی طرف سے گزشتہ 7 میں سے 4 پنالٹی ککس مس کر چکا ہے۔
٭ پرتگال اور اسپین کے درمیان کھیلے گئے دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں اسٹار فٹبالر رونالڈو نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہٹ ٹرک کردی۔ رونالڈو کی شاندار پرفارمنس کی بدولت اس کی ٹیم پرتگال اسپین کے خلاف یہ میچ تین، تین گول سے برابر کرنے میں کامیاب ہوئی۔ 33 سالہ رونالڈو ورلڈ کپ میں ہٹ ٹرک کرنے والا معمر ترین فٹ بالر ہوگیا۔ یہ اس کے کیریئر کی 51 ویں ہٹ ٹرک تھی۔
٭ پہلے رائونڈ کے میچ میں میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو 1-0 سے ہرا کر تہلکہ مچا دیا۔ یہ ٹورنامنٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ تھا۔ 1985ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ میکسیکو نے جرمنی کو ہرا دیا۔
٭ عالمی درجے میں نچلے رینک 16 پر فائز جاپانی ٹیم نے کولمبیا کی مضبوط ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تو یورپ کی سرزمین پر یہ اس کی پہلی فتح تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کسی لاطینی امریکی ٹیم کو شکست دینے والی پہلی ٹیم بھی ہوگئی۔
٭ جاپان اور کولمبیا کے میچ میں کولمبیا کے مڈ فیلڈر کارلوس نے جان بوجھ کر گیند کو ہاتھ لگایا تو ریفری نے اسے ریڈ کارڈ دکھا کر فوری طور پر گرائونڈ سے باہر جانے کا حکم دیا۔ اس طرح کارلوس 2018ء کے ورلڈ کپ میں ریڈ کارڈ حاصل کرنے والا پہلا کھلاڑی ہوگیا۔
٭ گروپ بی کے میچ میں رونالڈو کے واحد گول کی بدولت پرتگال نے اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ رونالڈو کا ٹورنامنٹ میں یہ چوتھا گول تھا۔ اس طرح وہ اب ٹورنامنٹ کا ٹاپ اسکورر ہوگیا ہے۔ انٹرنیشنل میچوں میں یہ رونالڈو کا 85 واں گول تھا۔

حصہ