ڈائٹنگ کرتے ہوئے صحت کو مدنظر رکھیں

323

وزن کم کرنے کے دوران ڈائٹنگ کرتے ہوئے اگر آپ خود کو توانائی سے محروم محسوس کررہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو اپنے غذائی چارٹ پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ وزن کم کرنے کے لیے بنائے گئے ڈائٹ پلان میں اکثر صحت بخش غذائی اجزا کی کمی ہوتی ہے، اسی لیے ڈائٹنگ کرنے والی خواتین بال گرنے، زندگی سے محروم جلد اور بے رونق آنکھوں جیسے مسائل میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ خود کو ہر وقت پژمردہ اور تھکا ہوا محسوس کرتی ہیں تو ضروری ہے کہ آپ کسی ماہرِ غذائیت سے غذائی چارٹ مرتب کروائیں جس میں ایسی غذائیں موجود ہونی چاہئیں جو صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہیں، جن میں تمام ضروری وٹامنز، منرلز، پروٹین اور فائبر وغیرہ موجود ہوں۔ اس کے لیے وٹامنز سپلیمنٹ لینے سے زیادہ بہتر یہ ہے کہ آپ اپنی خوراک کے ذریعے تمام صحت بخش اجزا کا حصول ممکن بنائیں۔

ونٹر ہینڈ کریم گھر پر تیار کریں

سرد اور خشک موسم میں ہاتھوں اور پائوں کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے روزانہ رات کو سونے سے قبل نمک ملے نیم گرم پانی اور کسی بھی ہلکے صابن سے ہاتھ پائوں دھونے کے بعد تیار کردہ ونٹر ہینڈ کریم سے مساج کریں۔ کچھ ہی روز میں انتہائی کھردرے، خشک اور بدرونق ہاتھ بھی نرم و ملائم اور دل کش ہوجائیں گے۔ کریم بنانے کے لیے بغیر خوشبو والا سفید صابن باریک کدوکش کرلیں، اس میں 6 کھانے کے چمچے نیم گرم پانی شامل کرکے ہموار پیسٹ تیار ہونے تک ایک طرف رکھ دیں، ہیٹ پروف پیالے میں چھتے والا موم 8 کھانے کے چمچے، 3 کھانے کے چمچے گلیسرین، 2 کپ روغنِ بادام، عرق گلاب ڈال کر مکس کرلیں۔ سوس پین میں پانی گرم کرکے اس پر ہیٹ پروف پیالہ رکھ کر موم پگھل جانے اور تمام اشیا کے اچھی طرح یکجان ہوجانے تک ہلکی آنچ پر گرم کریں۔ اس آمیزے کو صابن کے پیسٹ میں شامل کرکے اتنی دیر پھینٹیں کہ آمیزہ گاڑھا اور ٹھنڈا ہوجائے۔ اس آمیزے کو صاف اور خشک شیشے کے جار میں رکھیں اور ہر روز رات کو استعمال کریں اور صبح ہاتھ پائوں دھولیں۔

حصہ