بلوچستان میں قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان

660

کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو کی ہدایت پر صوبے کی جیلوں اور جوڈیشل لاک اپ میں بند سزا یافتہ قیدیوں کے لیے دو ماہ کی خصوصی معافی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بلوچستان کی جیلوں اور جوڈیشل لاک اپ میں بند سزا یافتہ قیدیوں کے لیے 60 یوم کی خصوصی معافی کا اطلاق سنگین جرائم کے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی معافی کا اطلاق ان سزا یافتہ قیدیوں پر لاگو نہیں ہوگا جو تخریب کاری، بم دھماکوں، جاسوسی، ریاست  مخالف  سرگرمیوں، دہشتگردی ایکٹ، قتل، عصمت دری، جیسے گھنا نے جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

  اعلامیے کے مطابق ایسے ہی اس معافی کا اطلاق ان قیدیوں پر بھی نہیں ہوگا جو غیر فطری جرائم، اغوا، راہزنی، ڈکیتی، فارن ایکٹ 1946، نیب آرڈیننس 1999 کے تحت زیر سماعت

مقدمات اور تعزیرات پاکستان کے باب 16 کے تحت متعین جرائم میں ملوث ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی معافی پانے والے بھی اس سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔