“گُناہ”

کیا تم کوئی نبی ہو (نعوذ باللہ) جو تم سے گُناہ سَرزَد نہیں ہوتے؟

اور اگر گُناہ کر جاتے ہو تو اپنے رَب سے  مُعافی  کیوں نہیں مانگتے؟

تم کیا سمجھتے ہو کہ

تم سے گُناہوں پر  پُوچھ  نہیں ہو گی؟

گُناہوں سے تمہاری زندگی پر  نحُوست  نہیں پڑتی؟

گُناہ کر کر کے تمہارے نزدیک  گُناہ کا تَصَوّر  مِٹ نہیں جاتا؟

یاد رکھو! جلد یا بدیر تم

گُناہوں پر  جُرّات

گُناہوں کی  کثرت

گُناہوں کی  عادت

اور  توبہ  میں  تأخِیر

کے باعث دھَر لیے جاؤ گے

بے شک اللہ کی  رَحمت  اسکے  غَضَب  پر غالِب ہے

لیکن وَاللہ اسکی  پکڑ  جب آتی ہے تو بہت  سَخت  ہوتی ہے

کہیں ایسا تو نہیں کہ

تم اچھے خاصے  گُنہگار  ہو لیکن تمہیں اندازہ ہی نہیں؟

تم گُنہگاروں کے  مددگار  ہو لیکن تمہیں اندازہ ہی نہیں؟

تم عذابِ الٰہی کا  شِکار  ہو لیکن تمہیں اندازہ ہی نہیں؟

اگر ایسا ہے تو سمجھ لو کہ تم گُناہوں اور اُنکی نحُوستوں کے کچھ اس طرح عادی ہو چکے ہو کہ تمہیں  خُوشگوار اور بابَرکت  زندگی کا تَصَوّر تک نہیں رہا

پھر جاؤ ان لوگوں کی  صُحبَت  اختیار کرو

جو معمُولی سے معمُولی گُناہ کو بھی گُناہ سمجھتے ہیں

جو اپنے ہر گُناہ کی سزا کو صاف محسوس کرتے ہیں

اَستغفار کے بعد اس سزا کو زائل ہوتا بھی دیکھتے ہیں

گُناہ جِن کے دِلوں کو مُعافی ملنے تک بے قرار کیے رکھتا ہے

اگر تم ایسے لوگوں تک پہنچ گئے تو تمہیں وہ دنیا دیکھنے کو ملے گی جس سے تم اب تک ناآشنا تھے

پھر

تم گُناہ کرنے سے پہلے  کانپو  گے

گُناہ کر کے معافی کیلیے  تڑپو  گے

تمہاری آنکھیں خوفِ خدا سے  بھِیگ  جایا کریں گی

اللہ کا تَصَوّر تمہارے بدن پر  رَعشہ  طاری کر دے گا

ایک منزِل ایسی آئے گی جب  خوفِ الٰہی  اور  حُبِّ الٰہی  آپس میں گڈمڈ ہو جائیں گے اور تم اللہ کو یاد کر کے یوں آنسو بہایا کرو گے کہ تمہیں معلوم تک نہ ہو گا کہ یہ  گِریہ  خوفِ الہٰی سے ہے یا حُبِّ الٰہی میں

لیکن یہ منزل ابھی بہت دور ہے

تم اس منزل تک جلد بھی پہنچ سکتے ہو کیونکہ  خُشک لکڑی  نسبتاً جلدی  آگ  پکڑ لیتی ہے

لیکن اس راستے پر چلو تو سہی۔۔۔

 توبہ  کے راستے پر

گُناہوں کو  پہچاننے  کے راستے پر

گُناہوں کو  تَرک  کرنے کے راستے پر

گُناہوں کے  عذاب  سے ڈرنے کے راستے پر

اللہ سے  جُڑنے  کے راستے پر

چلو تو سہی۔۔۔

تم اُسکی طرف  ایک  قدم بڑھاؤ گے تو وہ تمہاری طرف  دس  قدم بڑھائے گا

خدارا اسکی طرف ایک قدم بڑھاؤ تو سہی

صرف ایک قدم

پورے  خلوص  کے ساتھ

صرف ایک قدم

 اَپنے رَب کی طَرف

 

حصہ
mm
پیشے کے لحاظ سے الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ مذہب، سیاست، معاشرت، اخلاقیات و دیگر موضوعات پر لکھتے ہیں۔ انکی تحریریں متعدد ویب سائٹس پر باقاعدگی سے پبلش ہوتی ہیں۔ درج ذیل ای میل ایڈریس پر ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے nomanulhaq1@gmail.com

جواب چھوڑ دیں