شعیب اختر کی کورونا فنڈنگ کیلئے پاک بھارت سیریز کروانے کی تجویز

598

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے موجودہ حالات میں کورونا فنڈنگ کیلئے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ سیریز کروانے کی تجویز پیش کی ہے۔

سابق اسٹار فاسٹ باٶلر کا اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے اس ماحول میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 یا ایک روزہ میچز کی سیریز ہو جس سے کورونا فنڈ جمع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں لیکن اس سیریز سے دو فائدے ہوں گے، ایک تو کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے فنڈ جمع کیا جائے گا اور دوسرا دونوں ملکوں کی جانب سے امن کا تاثر دیا جائےگیا، اس میں کوئی برائی نہیں مگر پھر بھی کچھ لوگوں کو یہ آئیڈیا برا لگ رہا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے بجائے سیریز منعقد کرنے کے لیے دبئی بہتر آپشن ہوگا، کرکٹرز کو چارٹرڈ فلائٹ سے دبئی پہنچا کر مقابلوں کا انعقاد کیا جا سکتا ہے، اگر سیریز ممکن ہوجائے تو دونوں ملکوں کے کرکٹ اور سفارتی تعلقات میں بہتری آئے گی۔

سابق فاسٹ باٶلر نے کہا کہ سیریز سے دونوں ممالک کے لیے بہت سارا فنڈ جمع ہوسکتا ہے، دونوں ممالک آمدنی برابر تقسیم کرکے ضرورت مندوں کی مدد کرسکتے ہیں۔