سندھ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا امکان

751

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ سندھ حکومت14اپریل کے بعد لاک ڈاؤن کو مزیدایک ہفتہ بڑھا نا چاہتی ہے،لاک ڈاؤن کے حوالے سے حتمی فیصلہ سندھ کابینہ کریگی ۔ 

مراد علی شاہ نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت چاہتی ہےکہ تمام صوبوں میں یکساں اقدامات ہوں ، لاک ڈاؤن بڑھانے کے نتیجے میں صورت حال بہتر ہوسکتی ہے، سندھ میں اچانک بندشیں ختم نہیں کریں گے، بتدریج کھولیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہرچیز کے ایس او پیز بنائے جارہے ہیں ، صنعتوں ،فیکٹریوں کے حوالے سے بھی ایس او پیز بنائے جارہےہیں ،اگر فیکٹریوں کو کھولا گیا تو کم سے کم ملازمین کے ساتھ کام کیا جائے، شاپنگ سینٹرز فی الحال نہیں کھول رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے دباؤ ہے ، چھوٹے تاجروں کی جانب سے سپورٹ ملی ہے، تعمیراتی شعبے کو کام کرنے کی اجازت دینے سے وبا پھیلنے کے امکانات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مزید ایک ہفتے لاک ڈاؤن رکھے تو حالا ت قابو میں آسکتےہیں ، راشن تقسیم کے طریقہ کار سے وبا پھیلنے کے بہت امکانات ہیں،امدادملنے کی جگہ پر ہزاروں افراد پہنچ رہے ہیں، وفاق نے سندھ حکومت کو صرف مینیج کرنے کا کہا تھا، بہت سے معاملات پر وفاقی حکومت سے تحفظات ہیں۔