ڈاکٹرزکو حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

563

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی ضروریات کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا جیسی وبا کے خلاف ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف ہمارا ہر اول دستہ ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور کورونا متاثرین کی نگہداشت کے حوالے سے انتظامات پر چئیرمین این ڈی ایم اے اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

چیئرمین این ڈی ایم اےنے اجلاس میں برفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 136 اسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں ۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لئے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی ایم اے اسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ استوار کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انچاس ہزار پانچ سو حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں۔ مزید کٹس کی اسپتالوں کوفراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کر لی جائے گی۔

جنرل محمد افضال کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں ہے، ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، محمد حماد اظہر ، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ظفر مرزا ، ڈاکٹر معید یوسف، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضال اور سینئر افسران اجلاس میں شریک تھے۔