سکھر، سماجی تنظیم کے تحت سیکڑوں خاندانوں کے لیے راشن تقسیم کا منصوبہ

385

سکھر (نمائندہ جسارت) این جی او اسٹیپ فائونڈیشن کے تحت سکھر کی ممتاز سماجی رہنما شائستہ کھوسو نے اپنی مدد آپ کے تحت لاک ڈاؤن سے متاثرہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور سفید پوش افراد کے گھروں کے لیے 15 سو سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کرنا شروع کردیا ہے۔ این جی او اسٹیپ فائونڈیشن کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں سفید پوش مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے دوران انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ افراد کے تعاون کے بغیر اسٹیپ فائونڈیشن نے 15 سو سے زائد خاندانوں کے لیے راشن تقسیم کرنے کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے، جن میں سکھر، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، علی واہن، روہڑی و دیگر علاقوں میں آنے والے دیہات کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے، کیونکہ لاک ڈائون کی صورتحال میں مذکورہ علاقوں کے دیہاتی بے روزگار اور روزانہ کی بنیاد پر اجرت کرتے تھے۔ مذکورہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ کے جانب سے لاک ڈائون کی وجہ سے ان کے چولہے ٹھنڈے ہونے شروع ہوگئے تھے، جس کے باعث اسٹیپ فائونڈیشن نے مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے سکھر ضلع کی تحصیلوں سمیت گھوٹکی ضلع کے دیہات میں بھی راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔ راشن کی تقسیم کے دوران مستحق افراد کے ہجوم کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیپ فائونڈیشن خود ان کے گھروں میں راشن تقسیم کررہا ہے، تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کو مزید روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیپ فائونڈیشن ہر مشکل وقت میں سکھر اور دیگر اضلاع کے عوام کے ساتھ ہمیشہ سے کھڑا رہا ہے اور اس مشکل گھڑی میں اسٹیپ فائونڈیشن اور شائستہ کھوسو اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی مستحق افراد کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے نہیں دے گی، پہلے مرحلے میں 15 سو سے زائد خاندانوں کو راشن دیا جارہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں بھی سیکڑوں خاندانوں کو راشن تقسیم کیا جائے گا۔