لوگوں کو اکسانے کاالزام :مولانا عبد العزیز کیخلاف مقدمہ

203

اسلام آباد( آن لائن ) ریاست پاکستان کیخلاف نعرے بازی کر کے جہادی ترانوں سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے اور اجتماع کرنے کے الزام میں سابق خطیب لال مسجد مولانا عبد العزیز سمیت 7افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے، تھانہ آبپارہ میں درج کیے گئے مقدمہ نمبر 138میں الزام عایدکیا گیا ہے کہ پولیس ٹیم لال مسجد کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھی کہ مولانا عبد العزیز نے لال مسجد میں نماز جمعہ باجماعت پڑھانے کا اعلان کر دیا اور لائوڈ اسپیکرپرجہادی ترانے، نعرے بازی شروع کر دی ، مولانا عبد العزیز کو دفعہ 144کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے احکامات سے آگاہ کیا گیا کہ موجودہ ملکی حالات میںکورونا وائرس کی وجہ سے نماز جمعہ کا اجتماع نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے مگر مولانا عبد العزیز، ام حسان، ہارون الرشید، مولانا یعقوب اور عبد الستار و دیگر نے جہادی ترانوں اور نعرے بازی سے لوگوں کے جذبات کو بھڑکانا شروع کر دیا، مولانا عبد العزیز نے تقریر شروع کر دی اور کہا کہ وہ کسی غیر ملکی ایجنڈے پر چلنے والی ریاست کا حکم نہیں مانتے اور صرف اپنے ہی قوانین پر عمل کریں گے، ایف آئی آر میں مزید تحریر کیاگیا ہے کہ نمازیوں کو فساد برپا کرنے اور عافیت عامہ میں خلل ڈالنے پر اکساتے رہے، مولانا عبد العزیز اور ان کے دیگر ساتھیوں نے ریاست کے خلاف تقریر اور اشتعال انگیز نعرے بازی کی ، ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو پس پشت ڈالا ،جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔