کورونا وائرس: سندھ حکومت ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور 3 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدے گی

789

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھ نئی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور تین لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ فیصلہ ہفتے کے روز کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی جانچ کیلئے کٹس کے دستیاب اسٹاک اور روزانہ جانچ کی موجودہ صلاحیت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری صحت ڈاکٹر زاہد عباسی، سیکرٹری سرمایہ کاری نجم شاہ، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری، ڈاکٹر صبا جمال، ڈاؤ لیب کے ڈاکٹر سعید خان اور ایم بی دھاریجو نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے پاس تقریبا 7500 ٹیسٹنگ کٹس دستیاب ہیں اور اگلے 7 دن تک کیلئے یہ اسٹاک کافی ہے۔

اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ مزید تین لاکھ کٹس خریدیں تاکہ کافی تعداد میں اسٹاک دستیاب ہو۔

ماہرین نے بتایا کہ دو لاکھ ٹیسٹنگ کٹس برطانیہ کی کمپنی سے خریدی جاسکتی ہیں۔ ان کٹس کی تکنیکی کمیٹی نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس تجویز کی منظوری دی اور انڈس اسپتال کو ہدایت کی کہ وہ اگلے 15 دن کے اندر اس سامان کی فراہمی کیلئے کوشش کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی گنجائش 200 سے بڑھا کر 2020 تک کردی گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ دن میں کم از کم 5000 تک ہونی چاہئے۔

ماہرین نے انہیں بتایا کہ جب نئی پی سی آر مشینیں خریدیں جائیں گی تو صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تکنیکی کمیٹی کی سفارش پر ٹیسٹنگ سسٹم کے قیام کیلئے 6 پی سی آر مشینوں کی خریداری کی منظوری دی۔