حکومت کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹر ز کو تحفظ فراہم کرے،سینیٹر سراج الحق

128164

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور عملہ خود غیر محفوظ ہے،حکومت کو سب سے پہلے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔

سینیٹر سراج الحق نےکہا کہ ملک میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،حکومت اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے،حکومت کا فرض ہے کہ وہ سیاسی قیادت اورطبی ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر ایک قومی پالیسی ترتیب دے اور اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر اس پر عمل درآمد کیلئے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ز کے پاس نہ پی پی ای (پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس)معیاری ہیں نہ انہیں اس وبائی مرض کے خلاف لڑنے کی کوئی تربیت دی گئی ہے،ڈاکٹروں کے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈیکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھاکہ حکومت 6 لاکھ ٹائیگرز کیلئے خطیر رقم خرچ کرکے شرٹس بنوار ہی ہے مگر ڈاکٹرز کو معیاری طبی آلات اور محفوظ لباس دینے کیلئے تیار نہیں۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کو سنجیدگی کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو دو ہفتے ہونے کو ہیں،دیہاڑی دار مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے،حکومت روزانہ امدادی پیکیج کے اعلانات کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں،حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے۔سود کے خاتمہ کا اعلان کرے۔یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورد ونوش کی دستیابی کو یقینی بنائے۔