رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ: پی سی بی کا این او سی جاری کرنے سے انکار

448

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے پیش نظر ماہ مقدس، رمضان، میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

پی سی بی حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں، جس کے مطابق پی سی بی نےفی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے۔ لہٰذا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔

یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے۔ پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔

پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔ملازمین کے علاوہ تقریباََ 220پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں۔پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20 کے اختتام تک ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔علاوہ ازیں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ  ماہوار تنخواہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

اس دوران پی سی بی ملک میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور جب مناسب ہوگاتو اپنی پالیسی میں ترمیم کرے گا۔