حافظ نعیم الرحمن نے میئر کراچی کی درخواست پر عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا،

672

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا اور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں سیفٹی گاؤنز، ماسک اور دیگر طبی سامان تقسیم کیا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے جماعت اسلامی اور الخدمت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے خدمات قابل قدر ہیں اور انہیں تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر امیر ضلع وسطیٰ منعم ظفر خان، سیکریٹری ضلع وسطیٰ انجم رفعت اللہ، نائب امیر وجہہ الحسن، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت قاضی سید صدرالدین، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، الخدمت شعبہ ہیلتھ کے نگراں ڈاکٹراظہر چغتائی،میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن، ڈائریکٹرہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر سیف الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار آج ملک بھرمیں ایثار و خدمت کا نشان بن چکے ہیں، جماعت اسلامی اور الخدمت کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ (PPE)،سیفٹی گاؤنز، ماسک و دیگر حفاظتی سامان کا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ الخدمت کی جانب سے اسپتال کے مختلف شعبوں میں فیومیگیشن کی گئی۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال اور ہسپتال میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو دستیاب طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے آج ہم دوبارہ اسپتال آئے ہیں، الخدمت کی جانب سے اس سے قبل قطر اسپتال میں بھی حفاظتی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران الخدمت پورے پاکستان میں اب تک 46کروڑ روپے کا امدادی سامان اور راشن تقسیم کر چکی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی عباسی شہید ہسپتال آمد کے موقع پر ڈاکٹرز اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف نے انہیں تنخواہوں میں تاخیر ودیگر سہولیات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے میئر کراچی وسیم اختر کو صورتحال کی جانب توجہ دلائی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ صحافی بھی فرنٹ لائن پر ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت10 اضلاع میں 100سے زائد ہیلپ سینٹرز کے ذریعے عوام کو راشن کی تقسیم اور تیار کھانا فراہم کر رہی ہے، جہاں اقلیتی برادری کو بھی راشن اور دیگر اشیاء مہیا کی جا رہی ہیں۔