کنٹینر میں چھپ کر گھرجانے والے 46 افراد گرفتار

403

کراچی: کورونا وائرس کے باعث سندھ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر جامشورو پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ میں اپنے گھروں کو جانے والے 46 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جامشورو پولیس نے ٹول پلازہ کے قریب کاروائی کرتے ہوئے کنٹینرز میں سوار 46 افراد کو حراست میں لیا ہے،کنٹینرز میں سوار افراد چوری چھپے کراچی سے بنوں جارہے تھے۔

گرفتار افراد کا کہنا ہے کہ ہم مزدور ہیں اور لاک ڈائون کے باعث بیروزگاری کی وجہ سے اپنے گھر جارہے تھے، سندھ میں لاک ڈائون کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ میں چھپ کر جانے پر مجبور تھے۔

ایس ایس پی جامشورو کے مطابق جس وقت کنٹینر کو حراست میں لیا اس وقت 4 افراد کی حالت غیر تھی، سکھر تک پہنچنے میں انسانی المیہ جنم لے سکتا تھا تاہم کنٹینر کے مالک سمیت ملوث افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔