انسانیت اللہ کی بغاوت چھوڑ کر اللہ کی فرمانبرداری شروع کرے

207

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اسلام آباد کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرؤف، راولپنڈی کے امیر مولانا قاضی مشتاق احمد، مبلغ اسلام آباد مولانا محمدطیب فاروقی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، جنرل سیکرٹری قاری عبدالوحید قاسمی، مولانا قاضی ہارون الرشید، خالد مبین، مولانا زاہد وسیم، مولانا عظم خان نے خطبات جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم اجتماعی طور پر اللہ سے معافی کیلیے سربسجودہوجائے ۔ انسانیت اللہ کی بغاوت چھوڑ کر اللہ کی فرمانبرداری شروع کرے۔ کورونا سے نجات کیلیے خدا کے حضور گڑگڑا کر گناہوں کی معافی مانگنے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس کا پھیلنا ہمارے اجتماعی گناہوں اور بے راہروی کا نتیجہ ہے۔ پوری دنیا کو گناہوں کا راستہ چھوڑ کر نیکی کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ پاکیزہ زندگی ہی وباؤں سے نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں پر اس طرح کی بیماریاں پہلے بھی آتی رہی ہیں اسباب کے ساتھ رجوع الی اللہ بھی ضروری ہے، حضورﷺ نے جو دعائیں بتلائی ہیں آفتوں اور بلاوں سے بچنے کیلیے احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ان دعائوں کا بھی اہتمام کیا جائے، کورونا وائرس سمیت کسی بھی وبا کو احتیاطی تدابیر اور رجوع الی اللہ کے ذریعے سے ہی روکنا ممکن ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ امراض کا پھیلاؤ ا للہ کے حکم کا محتاج ہے،وہی پوری دنیا کو اس وبا سے نجات دلانے والی ذات ہے۔علما نے کہا کہ حکومت اپنے وعدہ پر کاربند رہتے ہوئے مساجد کی تالہ بندی سے اجتناب کرے بعض ناعاقبت اندیش انتشار پھیلانے کے کوششوں میں مصروف ہیں ہم حکومت وقت سے کہنا چاہتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں علماء، خطباء اور ائمہ مساجد سے تعاون حاصل کرنے کے بجائے انہیں اذیت اور تکالیف میں مبتلا نہ کرے۔ علما نے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔