وزیراعظم تذبذب کا شکار ہیں: لیاقت بلوچ

1570

فیصل آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم تذبذب کا شکار ہیں، وہ اپنے خول سے باہر آئیں، اپوزیشن اور پوری قوم کو ساتھ لے چلیں،تمام سرکاری ٹیکسزتین ماہ کے لئے ختم کئے جائیں،صنعتوں کوچلانے کاانتظام کیاجائے، ملکی معیشت کا پہیہ چلے گاتو بیماری سے لڑاجاسکے گا، حکومت کورونا کے نام پر مذہبی طبقوں پر چڑھائی کر کے نئی محاذ آرائی شروع نہ کرے وزراء کے اشارے پر زائرین،تبلیغی جماعت اور نماز جمعہ پر پابندی کے نام پر قوم میں انتشار پھیلایا جارہا ہے،سماجی رابطوں کی کمی کے نام پر عوام کو دین سے دور کیا جارہاہے۔

الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے مجاہد ہسپتال مدینہ ٹائون میں شہر کے پہلے غیر سرکاری فری آئسولیشن وارڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ  وزیراعظم اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں،پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر قوم کی راہنمائی کریں،ٹائیگرفورس کی بجائے قوم کو رضاکاروں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آنے والی ہر آزمائش اور مشکل کی گھڑی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے،فیصل آباد میں2کروڑ کی لاگت سے بننے والاآیسولیشن وارڈ آج سے فعال ہو چکا ہے جبکہ ملک کے دیگر تیرہ شہروں میں ایسے وارڈز نے کام کرنا شروع کردیا ہے،مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،روزانہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکن گھروں تک راشن پیکٹ پہنچارہے ہیں۔