سراج الحق نے ثریا عظیم اسپتال میں ڈاکٹر اسامہ شہید آئسولیشن وارڈ کا افتتاح کردیا

531

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ثریا عظیم اسپتال میں آئسولیشن وارڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوفناک وبا نے عملی طور پر محمود و ایاز کو ایک صف میں لاکھڑاکیا ہے۔دنیا اس وقت تاریخ کے بدترین انسانی بحران سے دوچار ہے۔حکومت کی مس ہیڈلنگ اور رویہ قابل افسوس ہے۔کورونا کے مسئلے پر بھی حکومت کی روایتی نااہلی اور کمزوری کھل کر سامنے آئی ہے۔ کورونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کردیا ہے ۔اس سے بچنے کے لیے اجتماعی توبہ و استغفار کی ضرورت ہے ۔حکمران خود بھی توبہ کریں اور عوام سے بھی اپیل کریں کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔حکومت ابھی تک قوم کو اعتماد میں نہیں لے سکی ۔اس بیماری کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مطلوبہ ضروری سامان بھی مہیا نہیں کرسکی۔وزیر اعظم پاکستان سے بھرپور تعاون کی پیشکش کی لیکن حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔ حکومت، اپوزیشن سمیت دیگر شعبوں کو ایک پیج پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ٹائیگرفورس کے بجائے قوم کو رضاکاروں کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس ٹائیگر فورس کاچیف غیر سیاسی ہونا چاہیے تھا۔ملک میں کورونا وائرس پر سیاست کرنا منفی سوچ ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکا جیسی بڑی طاقتیں کورونا وائرس کے سامنے ڈھیر ہوگئی ہیںہمیں فوری طور پر اللہ سے رجوع کرناچاہیے۔ حکمران توبہ و استغفا ر کریں۔ملک بھر میں قرنطینہ سینٹرز میں کام کرنے والے ڈاکٹرزاور عملے کے لیے حفاظتی کٹس میسر نہیں ۔اطلاعات ہیں کہ ایران سے آنے والے زائرین اب تفتان کے بجائے افغانستان کے راستے پاکستان آرہے ہیں۔پاکستان فوری طور پر ایران سے بات چیت کرکے زاہدان میں سینٹر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان سے پنجاب آنے والے لوگ پھنس چکے ہیں۔سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ راستوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہوکر 18سال پہلے کی قیمت پرآگئی ہے، حکومت عوام کے ریلیف کے لیے پیٹرول کی قیمت41روپے مقرر کرے۔ حکومت فوری پر ترقیاتی فنڈزکو لوگوں کی امداد پر خرچ کرے ۔وفاقی حکومت کورونا ٹیسٹ فیس ختم کرکے تمام ٹیسٹ فری کرے۔ انہوں نے کہا کہ و زیراعظم 3 ہزارسے اگر گھر کا خرچہ چلا لیں تو نوبل پرائز دینا چاہیے۔لاک ڈائون میں مستحقین اور دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے امداد 15ہزار روپے مقرر کی جائے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہر میں ضروریات زندگی کی اشیا مہنگے داموں فروخت کو روکے ۔اس وبا سے قوم کو ملکر لڑنا ہوگاکورونا وائرس کے لیے دفعہ 144پر بھر پورانداز سے عمل کرنا ہوگاپاکستان میں کورونا مذہبی طبقے سے نہیںپھیلا،وزرا قوم میں تفریق اور انتشار پیدا کرنے سے باز رہیں ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ،امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری،امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجو د تھے ۔ثریا عظیم اسپتال میں نئے قائم کردہ آئسو لیشن وارڈ کو کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والے پہلے ڈاکٹر اسامہ شہید سے منسوب کیا گیا۔