گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہیں، جنرل باجوہ

193

راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہے، حکومت اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر وباء پر قابو پانے کے لیے تمام ممکنہ اقدام کر رہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل افتخار بابر کے ٹویٹ کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنگی بنیادوں پر اضافی وسائل کا بندوبست کیا جا رہا ہے، پاکستانی قوم کورونا وائرس سے متحد ہو کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان دور دراز اور مشکل پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے، مشکل پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث رسائی کے مسائل کا سامنا ہے، گلگت بلتستان کو فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اس وقت گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 80 مصدقہ کیسز،509 مشتبہ کیسز ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں 162 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گلگت کے ہیرو ڈاکٹر اسامہ کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جاں بحق ہو گئے ہیں، گلگت بلتستان، اسکرود، چلاس کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں گنجائش بڑھائی جا رہی ہے۔