آرمی چیف کا فوج کو سول انتظامیہ کی مدد تیز کرنیکا حکم

590
(File Photo)

راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمے دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ چین نے کرکے دکھایا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، یہ احکامات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے ‘ کوئی بھی خطرہ ایک ذمے دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے‘ انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے‘ انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچائو کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے‘ پہلے انفرادی طور پر ایک ذمے دار شہری بنا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں‘ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے‘ ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی۔