نعمت اللہ خان کی خدمات قوم صدیوں یاد رکھے گی: جماعت اسلامی آزاد کشمیر

776

اسلام آباد: جماعت اسلامی آزاد کشمیر وگلگت بلتستان کے قائم قام  امیر مشتا ق ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود ،سابق امراء عبدالرشید ترابی،سردار اعجاز افضل خان،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل تبسم سمیت نائب امراء نے نعمت اللہ خان  کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مشترکہ طور پر کہا کہ نعمت اللہ خان کی تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں خدمات قوم صدیوں یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ نعمت اللہ خان کی وفات  سے اہل پاکستان محسن پاکستان سے محروم ہو گے،کراچی کو روشنیوں کا شہر میں بدلنے کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں غریب اور مظلوم عوام کی حالت بدلنے کی کوشش کی، الخدمت فائونڈیشن کے صدر کی حیثیت سے 2005کے زلزلے کے موقع پر آزادکشمیر میں متاثرین کی امداد اور بحالی میں تاریخی کردار اداکیا۔

جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ نعمت اللہ خان میئر کراچی ہونے کے ناطے پورے کراچی کو بدل کر رکھا دیا اس موقع پر جنرل پرویز مشرف نے کھلے بندوں یہ اعلان کیا کہ میں اگر دنیا میں بلدیاتی نظام کی کامیابی کا کوئی ماڈل دے سکتا ہوں تو وہ کراچی ہے نعمت اللہ خان غلبہ اسلام کے داعی خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے محسن تھے اللہ تعالیٰ مرحوم کی سیئات سے درگزر اور حسنات کو قبول فرمائے۔

جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہل کشمیر کی طرف سے سوگوار خاندا ن کی دلجوئی کی اور کہا کہ اہل کشمیر نعمت اللہ خان کو ان کی خدمات پر صدیوں یاد رکھیں گے،زلزلے کے موقع پر انہوں نے تاریخی خدمات سر انجام دیں ۔