آئی سی سی نے ہرسال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کرلیا

565

دبئی: آئی سی سی نے خزانوں کو بھرنے کیلیےہرسال ورلڈ کپ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

آئی سی سی کے مطابق  2023 سےہر  8 برس میں 8 مینز ایونٹ، اتنے ہی ویمنز ایونٹ، 4 مینز انڈر 19 اور ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔تاہم آئی سی سی کی جانب سے اس عرصے میں ٹی 20 اور ون ڈے ورلڈ کپ کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کونسل ہر سال ٹی 20 اور ہر 3 سال بعد ون ڈے ورلڈ کپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، آئی سی سی میزبانی کیلیے تمام ممبران سے اظہار دلچسپی طلب کرے گی۔ بڈنگ کا عمل ویمنز اور انڈر 19 ایونٹس کی میزبانی سے 2020 کے آغاز میں شروع ہوگا۔

آئی سی سی کے شانک منوہر کا کہنا ہے کہ  کیلنڈر میں مستقل مزاجی اور کھیل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کیلیے ہر سال مینز اور ویمنز کے بڑے ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے، اس سے اسٹرکچر بہتر جبکہ کھیل کو فروغ ملے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسا بڈنگ ماڈل بھی تیارکررہے ہیں جس سے 2023 کے بعد تمام ممالک کو آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے یکساں مواقع میسر آئیں ۔