آئی سی سی نے سپر اوور قوانین میں تبدیلی کردی

495

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے سپر اوور کے قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے زیادہ باؤنڈریز پر ٹیم کو فاتح قرار دینے کا قانون ختم کردیا۔

دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ایونٹس میں سپر اوور کا قانون برقرار رہے گا، لیکن سپر اوور میں میچ برابر ہونے پر زیادہ باؤنڈریز پر ٹیم کو فاتح قرار دینے کا قانون ختم کردیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپر اوور میں میچ برابر رہا تواس وقت تک سپر اوور کروایا جاتا رہے گا جب تک کسی فاتح کا فیصلہ نہ ہوجائے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور بھی ٹائی پر اختتام پذیر ہوا تھا،جس کےبعدانگلینڈ کو باؤنڈریز کی تعداد پر فاتح قرار دے دیا گیا تھا۔ اس قانون پر آئی سی سی کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اجلاس میں زمبابوے اور نیپال کی رکنیت بھی بحال کردی ہے، جس کے بعد یہ ٹیمیں آئندہ سے آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔