مودی امن نہیںچاہتے‘ کشمیر میںحق کی آوازکو کچلا جارہا ہے‘ سلیم مانڈوی والا

212

اسلام آباد (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے تحت حق کی آواز کو کچلا جا رہا ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے، مقبوضہ وادی میں لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قومیں باہمی اعتماد اور تعاون سے آگے بڑھتی ہیں، مودی نے پر امن مذاکرات کی تمام پیشکشیں ٹھکرا دیں۔ ترکی کے شہر استنبول میں اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع دہشتگردی کی روک تھام اور علاقائی رابطہ کاری کا فروغ ہے، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پائیدار ترقی اور مسائل کے حل کے لیے فورم کو زیادہ با اختیار بنانا ہوگا، امن و سلامتی کی چھتری تلے خطے کی رابطہ کاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ دہشتگردی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، دہشتگردی کا تعلق کسی قومیت یا مذہب سے نہیں، پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا۔70 ہزار سے زاید افراد شہید، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا لیکن ہمارا عزم پختہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے پارلیمان، حکومتی اور عدالتی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں، پاکستان کی پارلیمان نے مؤثر قانون سازی کی ہے دنیا کو دہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے باہمی اعتماد اور دوستی کا مظہر ہے، پاک چین تعاون خطے کی رابطہ کاری میں مددگار ثابت ہوگا۔