بزنس کمیونٹی کے مسائل فوقیت دی جائے گی، عبدالحق میمن

520

نئے کنیکشن کی منظوری، ٹرانسفارمرز کی مرمت یا تبدیلی اور شکایات کو حل  کیا جائے گا

 انڈسٹری کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، دولت رام لوہانہ

حیدرآباد

حیسکو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالحق میمن نے کہا ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران جن میں ایگزیکٹیو انجینئرز اور ایس ڈی اوز سے میٹنگ کر کے اُن کو اِس بات کا پابند بنائیں گے کہ وہ صارفین کی جانب سے کالز کو اٹینڈ کریں اور اُن کی شکایات کو دور کرنے میں کسی تاخیر کا سبب نہ بنیں۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے اُن کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے چیمبر کانفرنس ہال میں خطاب کر رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سے اُن کے ادارے کو بہت زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے اَِس لیے اُن کی شکایات جو نئے کنیکشنز، ٹرانسفارمرز کی مرمت یا تبدیلی اور دیگر شکایات کے ازالے کے لیے پوری جدوجہد کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ صدر دولت رام لوہانہ کی تجویز کے مطابق واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس میں کم سے کم افراد رکھے جائیں گے اور وہ خود حیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئرز اُس کے ممبر ہوں گے

موصولہ شکایات کے حل میں اِس سے بھرپور مدد ملے گی۔ لیکن اُس پر شکایات حقیقی ہونی چاہئیں۔ اُنہوں نے اِس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ ایک کمیٹی بنائے جائے جو چھوٹے معاملات اور ڈٹیکشن کے معاملات کے خاتمے کے سفارش کرے اور اُس کا جائزہ لے کر اوّلین فرصت میں اُن کو حل کرلیا جائے گا۔ B-1 اور B-2 کے کینکشن جلد دیئے جائیں گے، تمام فیڈرز کو up-grade کرنے اور ہائی ٹینشن لائنز کی مرمت پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا۔ ٹرانسفارمرز کی جو حضرات اپنے خرچے میں تنصیب کرانا چاہتے ہیں وہ تمام کیس اِکھٹے کیے جائیں اور وہ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئرز کی سطح پر فوری منظور کیے جائیں گے

تمام معاملات حل کیے جائیں گے، فلٹر پلانٹس کو بجلی مختلف فیڈرز سے فراہم ہوتی ہے۔ میٹنگ کے بعد وہ طے کریں گے اور معاملے کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ وہ صدر دولت رام لوہانہ اور کنونیئر سب کمیٹی حیسکو محمد اکرم آرائیں کی جانب سے پیش کردہ خطبہ استقبالیہ اور سپاسنامہ کے نکات پر اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ اِس سے قبل خطبہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا کہ یہ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ضلع حیدرآباد کی واحد لائیسنس یافتہ ٹریڈ باڈی ہے اور یہ تاجروں اور صنعتکاروں کا اصل نمائندہ چیمبر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیسکو اسٹاف کو عوام اور تاجر برادری کسی اچھے نام سے یاد نہیں کرتی بلکہ اُن کا نام نفرت سے لیا جاتا ہے

اِس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی صارف کسی بھی حیسکو کے دفتر میں کام سے جاتا ہے تو وہاں اُسے دوستانہ ماحول میسّر نہیں آتا جبکہ حیسکو بجلی فروخت کرنے کا ادارہ ہے جبکہ صارف ان سے بجلی خریدتے ہیں کوئی بھی چیز فروخت کرنے والا کبھی بھی اپنے خریدار سے نہ بدتمیزی کرتا ہے نہ اُسے خوف زدہ کرتا ہے اور نہ ہی اِس کی عزتِ نفس سے کھیلتا ہے۔ اِس لیے ضروری ہے کہ ماتحت افسران اور اسٹاف کو اخلاقیات کی مکمل ٹریننگ دی جائے کہ کس طرح صارف کے ساتھ برتاﺅ کرنا ہے۔ حیسکو میں قانونی کام کرانا انہتائی مشکل کام ہے۔ لہٰذا اِس سلسلے میں حیسکو میں کام کرنے کا طریقہ کار بدلنے اور ون ونڈو آپریشن رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ واپڈا کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ شٹ ڈاﺅن اور بریک ڈاﺅن کے نام پر گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل کردی جاتی ہے

جس سے صنعت کا پہیہ رُک جاتا ہے اور بندمشینری کو پھر سے چلانا اور موشن میں لانے میں وقت لگتا ہے جس سے کافی وقت ضائع ہوتا ہے۔ سندھ اسمال انڈسٹری زون کے لیے کوئی فیڈر نہیں وہاں بھی فیڈر فراہم کیا جائے تاکہ وہاں بھی انڈسٹری اپنا کام شروع کرسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں 90 فیصد سے زائد ریکوری ہورہی ہے اُن کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔ پریٹ آباد اور دیگر فلٹر پلانٹس کو لوڈشیڈنگ فری قرار دی جائے

یا پھر فراہمی آب کا وقت ہو تو فلٹر پلانٹ پر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اُن کو پتہ چلا ہے کہ حیسکو اپنی بجلی کراچی الیکٹرک کو فروخت کر رہی ہے جبکہ حیدرآباد اور متعلقہ علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہتی ہے۔ لہٰذا پہلے حیدرآباد کو بجلی پوری کی جائے اور اگر اُس کے بعد بچ جائے تو بے شک کراچی الیکٹرک کو فراہم کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالے کے لیے ایس ڈی او رینک کا ایک افسر مقرر کیا جائے جو ہر ہفتے بزنس کمیونٹی کی شکایات چیمبر سیکریٹریٹ سے حاصل کر کے اُن کو متعلقہ شعبوں سے حل کراکر رپورٹ دے تاکہ چیمبر اپنے نمائندہ کو مطلع کرسکے۔

اِس کے علاوہ ایک واٹس ایپ گروپ بنایا جائے جس میں چیف حیسکو، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز، ایگزیکٹیو انجینئرز اور SDOs اور چیمبر کے نمائندگان شامل ہوں تاکہ واٹس ایپ پر متعلقہ شکایات ڈال دی جائے اور اُس کے ازالے کی پروگریس بھی حاصل ہوسکے۔ بعد ازاں سب کمیٹی حیسکو کے کنونیئر محمد اکرم آرائیں نے سپاسنامہ میں ڈٹیکشن بلز جاری کرنے میں نا انصافی، ہائی ٹینشن لائنز کی مرمت، ہائی ٹینشن فیڈرI- ، گھی I-، گھیII- ، اور سائٹ فیڈر کو کنیکٹ کرنے، بیI- اور بی II- کنیکشن دینے کے لیے 11 ہزار پاور کے کیبل، پول اور ڈی فٹنگ مہیا کرنے کا بندوبست کیا جائے۔

کوہسار فیڈر کو لطیف آباد سے الگ کرنے، ٹرانسفارمر کی خرابی کی صورت میں فوری متبادل ٹرانسفارمر کی فراہمی، میٹر کی خرابی کی صورت میں اَز خود میٹر فراہم کرنا، گلشن زیل پاک میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنا، شمع کمرشل ایریا کو لوڈشیڈنگ فری قرار دینا، NTPS 132 ، نوری آباد، گھانگرا موری کے فیڈرز کو اَپ گریڈ کرنے اور ایکس ای این اور ایس ڈی او جن کے نمبر شکایات کے لیے بلوں میں درج کیے جاتے ہیں کو پابند بنانا کہ وہ فون اٹینڈ کریں اور صارفین کی شکایات کو دور کرنے جیسے مطالبات پیش کیے۔ اِس موقع پر چیف آپریشنل آفیسر، سپرنٹنڈنٹ انجینئرI-، سپرنٹنڈنٹ انجینئر II-، XENs گاڑی کھاتہ اور لطیف آباد، نائب صدر محمد یاسین خلجی، سرپرست اعلیٰ محمد امین کھتری، حاجی یوسف سلیمان، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی اور ایک بڑی تعداد تاجر و صنعتکار حضرات کی موجود تھی۔