افغانستان: فوجی بس ، غزنی یونیورسٹی میں خود کش دھماکے،11ہلاک ،طلبہ سمیت46زخمی

154

جلال آباد/کابل( خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں مبینہ خود کش حملے اور دھماکے میں 11افراد ہلاک جبکہ46زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق جلال آباد میں نئے بھرتی ہونے والے ’رنگروٹس‘ کو لے جانے والی بس کوخود کش بمبار نے دھماکے سے اڑادیا‘خود کش حملہ جلال آباد کی مصروف شاہراہ پر کیا گیا جس کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں راہگیر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔جلال آباد پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا کہ بارودی مواد سے بھرے رکشے کو بس سے ٹکرا دیا گیا جس سے زوردار دھماکا ہوا، تاہم کسی نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے ۔دوسری جانب افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی کی یونیورسٹی کے کلاس روم میں بم دھماکے سے 19 طلبہ زخمی ہوگئے جن میں سے 2کی حالت تشویش ناک ہے۔خبرایجنسی اے پی کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عارف نوری کا کہنا تھا کہ غزنی یونیورسٹی میں زخمی ہونے والے طلبہ میں 12 طالبات بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی طلبہ میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔خیال رہے کہ غزنی یونیورسٹی کی منی بس گزشتہ ماہ بھی دھماکا خیز مواد کا نشانہ بنی تھی جس میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔