امریکا افغانستان میں مداخلت کی غلطی کا احساس 17 سال بعد ہوا،جنرل زبیر حیات

177
کراچی: جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات آئی بی اے کے تحت کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات آئی بی اے کے تحت کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر )امریکا نے افغانستان میں غلطی کی جس کا احساس اسے آج ہورہا ہے ، سوشل میڈیا کی یلغار کے ذریعے ہمیں ہمارے مقصد سے الگ کیاجارہاہے، پاکستان دنیا بھر کیلیے ایک طاقت ہے جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری دنیا کے لیے اہمیت کا حامل ہے ۔دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی ، نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام سینٹر فار انٹرپنیورشپ آئی بی اے کے تعاون سے کراچی میں ہونے والی ایک روزہ ’’نیشنل ازم اورپا کستانیت‘‘ کانفرنس میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں اعلیٰ سول و ملٹری حکام اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ جامعات کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنرل زبیر محمود حیات نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام ایک دور کا آغاز اور دوسرے کا اختتام تھا ، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے ہونیوالا امتیازی سلوک واضح کرتا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے قائد اعظم کی قیادت میں الگ مملکت کے قیام کا درست فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے18 برس قبل امریکا نے غلطی کی تھی جس کا اسے آج احساس ہو رہا ہے کہ مسئلے کا حل سیاسی افہام و تفہیم ہے۔ پاکستانی قوم کا دنیا کی کوئی قوم مقابلہ نہیں کر سکتی یہ ہر طرح کے چیلنجز کو قبول کرکے اسے پورا کرتی ہے میں دیکھ رہا ہوں اس قوم میں بہت زیادہ صلاحیتیں ہیں۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابزادہ محمد تیمور تالپور نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرنا ہوگا ، ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ وزیر اپنے محکمے کی کارکردگی کے ساتھ سندھ کے عوام میں مثبت سوچ پیدا کریں ، انتہا پسندی مذہبی ہو یا نسلی اس سے نسلیں تباہ ہو جاتی ہیں۔ سابق وزیر اطلاعات جاوید جبارنے کہا کہ پاکستان جیسا خوبصورت ملک اس خطے پر موجود نہیں، ہمیں آگے بڑھ کراس کی خدمت کرنی ہے۔ وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی نے کہا پاکستانیت کوعام کرنے کے لیے ہمیں نیشن بلڈنگ کی ضرورت ہے ،ہمیں ہر لحاظ سے اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا۔ قائم مقام ڈائریکٹر آئی بی اے سعید غنی نے کہاہمارا دارہ صرف الیٹ کلاس کے لیے نہیں ہے ہر طالب علم کے لیے ہر وقت کھلا ہے ،ہمیں اپنی قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ ڈاکٹر ہما ناز بقائی نے کہا کہ اس ملک کا مستقبل 15سے 30 سال کے نوجواں کے ہاتھ میں ہے،دنیا پاکستان کے گرد گومتی ہے،پاکستان دنیا میں بڑے بڑے منصوبوں میں فرنٹ لائن اتحادی رہا ہے،دنیا تبدیل ہو رہی ہے، اس تبدیلی کے دورمیں ہمیں اپنی یوتھ کو آگے لے کرجاناہے۔ سینئرقانون دان اور تحریک پاکستان کے رکن آزاد بن حیدر نے کہا پاکستانیت کا مطلب جو قائد اعظم محمد علی جناح نے بتایا تھاوہ ایمان، اتحاد، تنظیم ہے ،میں قربانیوں کی ان لازوال داستانوں کا گواہ ہوں جو لاکھوں لوگوں نے آزادی کے وقت دیں تھیں۔