وزیراعظم کا آئندہ پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں کرانے کا اعلان ،آن لائن ویزے کا اجرا

80
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آن لائن ویزا سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آن لائن ویزا سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ آئندہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔ ان کے بقول مجھے پتا ہے خالی اسٹیڈیم میں کھیلنا کتنا بیزارکن ہوتا ہے، پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد سے تمام شہروں کے عوام اسٹیڈیم کا رخ کریں گے تو میچوں کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کووزیراعظم آفس میں پاکستان آن لائن ویزا سروس کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نئی ویزا پالیسی کے تحت 55 ملکوں کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جمعرات سے جاری ہو سکے گا۔برطانیہ، چین، ترکی، ملائشیا اور متحدہ عرب امارات کے شہری ای میل کے ذریعے صرف 8 ڈالر فیس دے کر ویزا حاصل کر سکیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر مملکت برائے داخلہ امور شہریار آفریدی ، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری خارجہ ، چیئرمین نادرا کو کارکردگی یادگاری شیلڈ دیں۔عمران خان نے کہاکہپاکستان امن کے ایک نئے راستے پر چل پڑا ہے ، سیکورٹی کے مسائل نہیں ہیں ، بھارتی انتخابات کی وجہ سے شاید تھوڑا سا مسئلہ پیدا ہو کیونکہ بھارت میں انتخابات نفرتوں کے ذریعے لڑے جاتے ہیں جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں میں یہ واقعہ ہوا،پاکستان تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کوبہتر کرنا چاہتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حسین ترین علاقے ہیں، ویزے اور این او سی کو آسان بنا دیا ہے۔لوگ آئیں اور پاکستان میں پیسہ بنائیں ، سرمایہ کاری بڑھے گی ۔ سیاحتی ٹریکس کو ہر ایک کیلئے کھلنا چاہیے ،4 مذاہب کے مقدس مقامات کا مرکز پاکستان ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیں گے سمندری ساحلی پہاڑ مرغزاز سب سیاحوں کے لیے کھول دیں گے۔