مودی مسلم کش فسادات ‘ پاکستان پر وار کرسکتا ہے، لیاقت بلوچ

88

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم متحد ہے۔ نریندر مودی انتخابات سے پہلے جنگی جنون میں پاکستان پر وار کر سکتاہے اور بھارت کے اندر مسلم کش فسادات کے منصوبے پر عمل کرسکتاہے ۔حکومت، ریاست اور عوام دشمن کے ہر حربے کو ناکام بنانے کے لیے یک آواز بنے رہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بدترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں ،یہ بذات خود جرم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصالحتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب اور منصورہ میں ضلع شیخوپورہ و اوکاڑہ سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔لیا قت بلوچ نے کہاکہ زراعت ہی قومی معاشی طاقت ہے لیکن حکومتیں مسلسل زرعی پیداوار اور زرعی ترقی کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہیں ، عملاً کاشتکار برباد ہورہاہے ۔ پانی کا بحران شدید ترین ہورہاہے ۔ بھارت پانی کو جنگی جنون کا ہتھیار بنارہاہے ، پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عالمی برادری کو بھارتی آبی جارحیت سے پوری طرح آگاہ کرے ۔ مسئلہ کشمیر کاحل ہی خطے میں تمام مسائل کا حل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل تمام مسالک کے درمیان وحدت ، ہم آہنگی ، برداشت کا ماحول پیدا کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ نظام مصطفےٰؐ کا قیام ہی پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بناسکتاہے ۔ نظام مصطفےٰؐ نظام عدل و انصاف ہے ۔