“ایان علی کی غیر موجودگی میں درخواست سماعت کے لیے مقرر نہیں کی جاسکتی”

110

لاہورہائی کورٹ آفس نے ماڈل ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اعتراض لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ آفس نے ماڈل ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا ہے کہ درخواستگزار (ایان علی) پاکستان میں موجود نہیں۔ لہٰذا ان کی غیرموجودگی میں درخواست کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ماڈل ایان علی نے اپنے وکیل کے ذریعے کسٹم عدالت سے اپنے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی  درخواست دائر کی تھی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہیں۔ انہیں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

ایان علی کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ لہٰذا کسٹم عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لئے جائیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں مسلسل غیر حاضری پر ڈالر کوئن ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

خیال رہے کہ ایان علی پر5 لاکھ ڈالربیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔