پاکستان ترکمانستان نے تاپی گیس لائن معاہدے پر دستخط کردیئے

151
پاکستان ترکمانستان نے تاپی گیس لائن معاہدے پر دستخط کردیئے
پاکستان ترکمانستان نے تاپی گیس لائن معاہدے پر دستخط کردیئے

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط کر دیے ۔معاہدے پر سیکرٹری پیٹرولیم اسد حیا الدین اور ایمینوفود سی ای او تاپی پائپ لائن کارپوریشن لمیٹڈ نے دستخط کیے اور اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اورترکمانستان کے وزیرخارجہ راشد میریدوف بھی موجود تھے۔غلام سرور نے اس معاہدے کو اہم ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت یہ معاہدہ تیزی کے ساتھ مکمل کرنا چاہتی ہے اور یہ ممکن ہے کہ رواں سال پاکستان میں تاپی کا تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے کہ تاپی پائپ لائن بروقت مکمل کی جائے گی۔انہوں کہا کہ ان کی حکومت ترکمانستان اور پاکستان کے درمیان براستہ افغانستان ٹرانسپورٹ اور توانائی کی راہداری بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے، اس کے علاوہ اسی راستے پر آپٹک فائبر نیٹ ورک بھی بچھانا چاہتے ہیں جس کو چین تک پھیلایا جاسکے گا۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیا اور اس بات پر زور دے کر کہا کہ پاکستان، ترکمانستان کے لیے بین الاقوامی منظرنامے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔بعد ازاں پاکستان اور ترکمانستان نے افغانستان کے راستے پاکستان کے لیے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف اویزجیلدیوچ نے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ پر مبنی قریبی اور خوشگوار برادارانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے امن ، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد نے ان روابط کو مزید تقویت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف اور وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کیا۔ راشد میریدوف نے کہاکہ پاکستان اور ترکمانستان کے گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان، گیس،بجلی منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔ گیس اور بجلی منصوبوں پر جلد عملدرآمد ہوناچاہیے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلام آباد: پاکستان اور تاجکستان کے نمائندے تاپی گیس لائن معاہدے پر دستخط کررہے ہیں