یومِ خواتین پر ہونے والی بے ہودگی پر اردوگان کی شدید تنقید

172
Turkish President Recep Tayyip Erdogan speaks to his supporters during a rally in Gaziantep - EPA/SEDAT SUNA

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جمعے کے روز استنبول کے وسط میں ہونے والی خواتین ریلی کی شرکاء پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اذان کا مذاق اڑا کر اسلام کی توہین کی مرتکب ہوئی ہیں۔

آدانا صوبے میں انتخابی مہم کے کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اردوغان نے بتایا کہ “ریپبلکن پیپلز پارٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت میں خواتین کا ایک گروپ تقسیم اسکوائر میں اکٹھا ہوا۔ اس گروپ نے اذان ہونے کے دوران سیٹیوں اور نعرہ بازی کے ذریعے انتہائی بے ہودگی کا مظاہرہ کیا”۔

women Day Istanbul
women Day Istanbul

جمعے کے روز خواتین کا عالمی دن منانے کے لیے استنبول میں ہزاروں خواتین ایک ریلی میں شرکت کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں۔ تاہم پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

اردوغان نے ریلی سے متعلق ایک وڈیو بھی دکھائی جس میں خواتین نعرے بازی کرتی ہوئی دکھائی دے رہی تھیں جب کہ نزدیک ہی ایک مسجد سے اذان کی آواز آ رہی تھی۔

اردوغان کا مزید کہنا تھا کہ “جو لوگ اذان کا احترام نہیں کرتے اور قومی پرچم کی حفاظت نہیں کرتے وہ قوم اور ملک کا احترام اور تحفظ بھی نہیں کریں گے”۔

عموما ترکی کی پولیس استنبول کے وسط میں اور دیگر مقامات پر احتجاج سے روکتی ہے۔ انقرہ نے 2016 میں انقلاب کی کوشش کے بعد ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے بعد سے پابندیوں کو سخت کر دیا گیا ہے۔

اے کے پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین نعمان قرتلموش نے بھی خواتین مارچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ” یہ فوٹیج ہماری قوم کی توہین ہے اور یہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔”

women Day Istanbul
women Day Istanbul

ترک وزرات مذہبی امور (دیانت) کے سربراہ نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ خواتین ریلی کے شرکاء کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ سلطنتِ عثمانیہ کے زوال کے بعد 1923 میں ترک ریپبلک قائم ہونے کے بعد کھڑے ہونے والے تنازعات میں اذان کا معاملہ نمایاں تھا جس کے بعد 1932 سے لے کر 1950 تک عربی کے بجائے ترک زبان میں اذان دی جاتی رہی تھی۔

تاہم گزشتہ برس سے اس تنازع نے ایک مرتبہ پھر اس وقت سر اٹھایا جب سی ایچ پی کے رکنِ اسمبلی اوزترک الماس نے عربی کے بجائے ترک زبان میں اذان رائج کرنے کا مطالبہ کیا۔