پاکستان کیلیے جی ایس پی پلس کی حمایت جاری ہے ،جرمن قونصل جنرل

265
کاٹی کے صدر دانش خان جرمن قونصل جنرل اوئیگن وولفارتھ کو کاٹی کی شیلڈ پیش کر رہے ہیں
کاٹی کے صدر دانش خان جرمن قونصل جنرل اوئیگن وولفارتھ کو کاٹی کی شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جرمن قونصل جنرل اوئیگن وولفارتھ نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، تکنیکی تربیت کے شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہیں، جرمن سرمایہ کار پاکستانی مارکیٹ میں دل چسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کاٹی کے صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی، سینیٹر عبدالحسیب خان، نائب صدر ماہین سلمان، فرحان الرحمن اور دیگر نے جرمن قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا۔صدر کاٹی دانش خان نے جرمن سفارت کار کو کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ، ڈیری اور آٹوموبائل کے شعبے میں دونوں ممالک کی مشترکہ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پائے جاتے ہیں، بزنس ٹو بزنس روابط میں وسعت سے بڑے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے تعلیمی شعبے سے بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ استفادہ کررہے ہیں جو کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے لیے بھی خوش آئند ہیں۔ دانش خان نے کہا کہ جرمنی دنیا کے ٹیکنالوجی لیڈرز میں شامل ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں تکنیکی تربیت کے لیے جرمن ماہرین اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی شعبے کے فروغ کے لیے مقامی اور جرمن سرمایہ کاروں کی شراکت داری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مسعود نقی کا کہنا تھا ویزا پروسیسنگ کے عمل کو مزید تیز رفتار اور با سہولت بنانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کی جانب سے مشترکہ سرمایہ کاری منصوبے شروع کرنے پر زور دیا۔ بعدازاں اجلاس سے خطاب ادا کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان کی جانب سے آغاز کیا جائے تو تکنیکی تربیتی شعبے میں تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا جرمن سرمایہ کار پاکستان کے ایس ایم ایز سیکٹر میں دل چسپی رکھتے ہیں، گزشتہ برس آنے والے کاروباری وفود بہت مثبت تاثر لے کر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو متحرک کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کراچی قونصلیت سے ویزا کے اجرا کے عمل کو باسہولت بنایا جارہا ہے، بزنس کمیونٹی کے لیے آسانی فراہم کی جائے گی۔