موسم بہار کی شجرکاری مہم پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر شروع کردی گئی۔

110

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی قیادت میں ایوی ایشن سیکٹر میں فی ملازم ایک درخت کے عنوان سے موسم بہار کی شجرکاری مہم پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر شروع کردی گئی۔ 

مہم کا آغاز سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے منگل کے روز جناح ٹرمینل،شارع فیصل انٹرسیکشن پر پودا لگا کر کیا۔

اس موقع پر شجرکاری پر عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے واک بھی کی گئی جس میں ائیرپورٹ سے متعلقہ اداروں کے عملے کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

اے ڈی جی سی اے اے نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پودا لگادینا ہی کافی نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کی آبیاری کرتے ہوئے تناآور درخت بنانا بھی ضروری ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کے صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام پر ایوی ایشن سیکٹر میں عملدرآمد کے لیے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی ہدایات پر تمام ائیر پورٹس ہمہ گیر شجرکاری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ 

اس سے قبل سیکریٹری ایوی ایشن/ڈائریکٹر جنرل سی اے اے شاہ رخ نصرت نے گزشتہ ماہ جناح ٹرمینل کراچی پر پودا لگا کر شجرکاری پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔ 

موسم بہار کی اس شجر کاری مہم میں سی اے اے کے ساتھ ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلرز اور فوڈ وینڈرز کے ملازمین ، اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

مذکورہ شجرکاری مہم کے تحت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نیم، کنار، بوگن ولا ، مورینگا وغیرہ اورمختلف پھلوں کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ 

اس موقع پر ڈپٹی ڈی جی (اے پی ایس) سید عامر محبوب، ڈپٹی ڈی جی (ریگولیٹری) ائیر کموڈور سید ناصر رضا ہمدانی اور سی اے اے کے ڈائریکٹر حضرات بھی موجود ہیں۔ مذکورہ مہم میں فی ملازم ایک درخت کے عنوان سے پاکستان کے تمام ائیرپورٹس، ائیرلائینز اور ان کے متعلقہ اداروں کے تمام ملازمین حصہ لے رہے ہیں۔