ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسکیم کو بھی مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا، سعید غنی

173

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شروع کی گئی تیسر ٹاؤن اسکیم غریب عوام کے لئے ہے اور اس کے خلاف جو پرو پیگنڈہ کیا جارہا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ماضی میں جو اسکیمیں تعطل کا شکار ہوئی ہم اس کو بھی مکمل کروائیں گے اور مذکورہ اسکیم کو بھی مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ 

اتنے آسان اور سستے قیمت پلاٹس کراچی میں ملنا نہ ممکن ہے اس لئے میری عوام کو رائے ہے کہ وہ اس میں بھرپور حصہ لے۔ بینظیر بھٹو شہید پارک ماضی میں اس کی دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بدحالی کا شکار ہوا لیکن اب کے ڈی اے خود اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے اس کو دوبارہ سر سبز اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہے۔ جلد ہی شہر میں دیگر چھوٹے اور بڑے پارکس کو ہم اپنی مدد آپ اور دیگر اداروں کی مدد سے آباد کریں گے اور شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کو جاری رکھا جائے گا۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز شہید بینظیر بھٹو پارک، بوٹ بیسن کلفٹن کے اچانک دورے کے موقع پر موجود عوام اور میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے منصور عباس زیدی، سیکرٹری جنگلات عبدالرحیم سومرو، وزیر بلدیات کے فوکل پرسن رحمت اللہ شیخ، میڈیا کنسلٹینٹ زبیر میمن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیر بلدیات سندھ نے پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں پر صفائی ستھرائی، پودوں کی تنصیب، پارک کے ساتھ سمندر میں صفائی کے انتظامات ، پارک کی بارہ دری سمیت دیگر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو پارک میں بنائے جانے والے پھلوں کے حصے، جنگلات کے حصے، بارہ دری اور دیگر پر جاری کاموں کے حوالے سے ڈی جی کے ڈی اے اور سیکرٹری جنگلات نے بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارک کے بیرونی حصے کی بھی صفائی کو جلد سے جلد مکمل کرکے وہاں واکنگ ٹریک اور پارک کے کام کو تیز کرنے کی ہدایات دی۔ انہوں نے پارک کے اطراف کی باؤنڈری وال کے چند ایک مقامات پر ٹوٹ پھوٹ پر فوری طور پر ان کی تعمیر اور اطراف کی دیواروں کو بلند کرنے کی بھی ہدایات کی۔ 

اس موقع پر موجود عوام اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہماری حتیٰ المکان کوشش ہے کہ یہ پارک جلد سے جلد عوام کے لئے مکمل کرلیا جائے اور اس میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کے لئے جو بھی تفریحی سہولیات فراہم ہوسکیں وہ ان کو کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس پارک کی درست دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تباہی کا شکار ہوا لیکن اس بار پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور خود پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر اس پارک کو کے ڈی اے نے اپنے زیر انتظام لیا ہے اور اس پر چند ماہ میں جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارک میں پودوں کی فراہمی اور پارک میں پھل فارم اور جنگلات کی طرز کے حصے کو بنانے میں ہمیں محکمہ جنگلات کا مکمل سپورٹ ہے اور ان دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں سے یہ کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جلد ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے پارکوں کو ازسر نو تزئین و آرائش کا کام شروع کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صرف سندھ حکومت، کے ایم سی، ڈی ایم سیز یا کے ڈی اے یہ کام نہیں کرسکتی اس لئے میں دعوت دیتا ہوں ایست تمام اداروں کو جو مالی طور پر مستحکم ہیں کہ وہ ان پارکس کو اوون کریں اور ان کو شہریوں کے لئے تفریح کا ذریعہ بنانے میں ہماری معاونت کریں۔

اس موقع پر عوام اور میڈیا کی جانب سے ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے حوالے سے عوام میں پھیلی بے چینی کے سوال کے جواب میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اس حوالے سے بے چینی خوامخواہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی کم قیمت پر یہ پلاٹس دئیے جارہے ہیں اتنی کم قیمت میں کراچی میں پلاٹ کا ملنا ناممکن ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں عوام سے کہوں گا کہ وہ آئیں اور اس فارم کو بھریں کیونکہ اتنی کم قیمت اور اقساط پر پلاٹ کا ملنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی اسکیموں کے تعطل کو بھی ہم دیکھ رہے ہیں اور ان اسکیموں کو بھی جلد سے جلد مکمل کیا جارہا ہے اور یہ اسکیم جس مدت کا اعلان کیا جارہا ہے اسی میں مکمل کرلی جائے گی۔