ملازمت پیشہ خواتین اور ان کے خاندان کا تحفظ کرینگے، شاہد عبدالسلام

62

 

وائس کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی شاہد عبدالسلام خان نے کہا ہے کہ سندھ سوشل سیکورٹی کا مقصد ہی محنت کش خواتین اور ان کے خاندان کو ناگہانی حالات میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ سوشل سیکورٹی کی جانب سے خواتین کے سماجی، معاشی اور قانونی حقوق سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔یہ پروگرام کوٹری کی رجسٹرڈ خواتین محنت کشوں کے لیے ترتیب دیا گیا تھاجس کا اہتمام سیسی کے شعبہ تعلقات عامہ و تربیت تحقیق نے کیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس کمشنر نے کہا کہ سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحت محنت کش خواتین کو نہ صرف وہ تمام فوائد حاصل ہیں جو مرد محنت کشوں کو ملتے ہیں بلکہ دو اضافی فوائد بھی مہیا کئے گئے ہیں یہ اضافی فوائد زچگی اور عدت کے دوران پوری تنخواہ کی ادائیگی ہیں جو ادارہ کرتا ہے۔ اس طرح یہ محنت کش خواتین کے لیے مفید ترین فلاحی اسکیم ہے۔ ڈائریکٹرتربیت و تحقیق نشاط زیدی نے کہا کہ قابل
فخر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو ابھی بھی بہت سے مسائل اور دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آج بھی معاشرے میں اپنے حقوق کی جنگ لڑرہی ہیں۔ایسے میں خواتین کے اپنے حقوق کے شعور کی بیداری کے لیے اقدامات اور آگہی کے پروگرام منعقد کرنے کی بہت ضرورت ہے اور یہ پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس موقع پرڈاکٹررفیق میمن ، کوٹری ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور ممبران نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈائریکٹر کوٹری سہیل احمدخان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔