ایتھوپیا اور کولمبیا میں فضائی حادثات میئر سمیت 169 مسافر ہلاک

114
ایتھوپیا:مسافر طیارہ گرنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوع پر جمع ہیں، چھوٹی تصویر میں ہلاک افراد کے لواحقین نوحہ کناں اور ائر لائن کے سی ای او جائے حادثہ پر موجود ہیں
ایتھوپیا:مسافر طیارہ گرنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوع پر جمع ہیں، چھوٹی تصویر میں ہلاک افراد کے لواحقین نوحہ کناں اور ائر لائن کے سی ای او جائے حادثہ پر موجود ہیں

عدیس ابابا/بوگوٹا (صباح نیوز) ایتھوپیا اور کولمبیامیں فضائی حادثات کے نتیجے میں میئرسمیت 169مسافر ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ایتھوپین ائرلائن کا مسافر طیارہ بوئنگ 737عدیس ابابا سے نیروبی جاتے ہوئے گرکرتباہ ہوگیا۔طیارے میں 157 افراد سوار تھے جن میں 149 مسافر اور 8 عملے کے ارکان شامل تھے۔ ایتھوپین وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں طیارے کے گرنے کی تصدیق کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ طیارہ صبح 8 بج کر 44 منٹ پر گراتاہم اس کہ وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں ۔ایتھوپیا کے وزیرا عظم نے حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے طیارے میں سوار مسافروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔دوسری جانب کولمبیا میں بھی چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق واقعہ کولمبیا کے صوبے میٹا میں پیش آیا۔ طیارہ ساز جوز سے ویلا وائسنشیو جا رہا تھا کہ لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گر کر تباہ ہوگیا۔حکام کے مطابق 2 انجنوں والے ڈوگلس ڈی سی تھری طیارے میں 12 مسافر سوار تھے اور حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔ حادثے میں کولمبیا کے شہر تارئیرا کی میئر بھی اپنے اہلخانہ سمیت ہلاک ہوگئیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں طیارے کا مالک، پائلٹ اور کو پائلٹ بھی شامل ہیں۔کولمبیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ طیارے میں حادثے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے لاشیں جل گئی ہیں اور شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔