بھارت میں الیکشن قریب ہیں، مس ایڈونچر ہوسکتا ہے، حمزہ شہباز

86
لاہور:ن لیگ کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز جامعہ نعیمیہ میں سیمینار سے خطاب کررہے ہیں
لاہور:ن لیگ کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز جامعہ نعیمیہ میں سیمینار سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرے گا لہٰذا پاکستان کا سوچیں، خدشہ ہے کہ بھارت کے الیکشن کے قریب کوئی اور مس ایڈوینچر نہ ہو جائے۔ لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اور اس کا جنگی جنون تھما نہیں، بھارت کے الیکشن قریب آرہے ہیں فکر ہے کہ خدانخواستہ کوئی اور مس ایڈونچر نہ ہو۔ بھارت نے پاکستان میں دراندازی کی، جب کہ بھارت کی جارحیت پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کے زخم نہیں بھریں گے لہٰذا پاکستان کا سوچیں، مشترکہ معاشی ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی معاشی ترقی کا ایجنڈا پارلیمینٹ میں طے کرنا چاہیے۔ ہمیں مل کر پاکستان کی ترجیحات کو طے کرنا ہو گا، اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم سیاسی کھلنڈرے پن سے نکلیں۔