سائنس و ٹیکنالوجی میں مزید ترقی کیلئے جامعات کر کردار ادا کرنا ہوگا،وزیراعلیٰ سندھ

74
جامعہ کراچی کے تحت انٹر نیشنل کانفرنس سے وزیراعلیٰ سندھ خطاب کررہے ہیں اس موقع پر وزیر تعلیم بھی موجود ہیں
جامعہ کراچی کے تحت انٹر نیشنل کانفرنس سے وزیراعلیٰ سندھ خطاب کررہے ہیں اس موقع پر وزیر تعلیم بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلیے ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی میں مزید ترقی کرنی ہوگی اور اس ترقی کیلیے جامعات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث ہمارے معیارِ زندگی میں پہلے وقتوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ترقی اور بہتری آئی ہے اور ہم اس حقیقت سے انکار نہیں کرسکتے کہ ہم میں سے ہر ایک کی زندگی کا انحصار سائنسی ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی پر ہے۔کراچی کے تیسرے مرحلے میں بالخصوص پسماندہ اور صنعتی علاقے مثلاً لیاری، کورنگی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں از سر نو تعمیر کے کام شروع کیے جائیں جس کے لیے تقریباً 4 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمیں شروع کی ہوئی ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل کانفرنس آن انفارمیشن، سائنس اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی (ICISCT۔19) سے خطاب اور ترقیاتی کاموں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا اہتمام کراچی یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس، عمر بھاشا انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ نے کیا تھا، کانفرنس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور وزیر آئی ٹی سندھ تیمور ٹالپر نے بھی شرکت کی۔ کراچی یونیورسٹی کی آئی سی آئی ایس سی ٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی نے ہماری زندگیوں میں بڑی سہولیات پیدا کی ہیں اورہم سائنس اور ٹیکنالوجی پر اپنی روزمرہ کی زندگی میں محتاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنس کے اثرات ادویات، تعلیم ، بجلی، ہوابازی، نیوکلیئر توانائی، کھیل و دیگر شعبوں پر واضح ہیں، اب انسانی زندگی اور کاروباری سرگرمیوں میں کمپیوٹر سائنس اور مصنوعی انٹیلی جنس کے ذریعے ترقی کے نئی راہیں تلاش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلاؤڈ اسٹوریج میں اضافہ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ و مصنوعی انٹیلی جنس کچھ ایسی مثالیں ہیں جو جلد ہمارے جسم سے منسلک ہونے کی صلاحیت حاصل کرتے ہوئے انسانی زندگی کا ڈیٹا حاصل کرسکیں گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے انسانی زندگی پر مثبت و منفی اثرات مرتب کیے ہیں، ایجادات اور ٹیکنالوجی کی وسیع ترقی انسانی مسائل حل کرنے کی جستجو کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلیے ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی میں مزید ترقی کرنی ہوگی اور اس ترقی کیلیے جامعات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وائس چانسلر کا آئی سی آئی سی ٹی 19 میں مدعو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ یہاں آکر انہیں دنیا کے مختلف حصوں اور پاکستان کے مختلف ریجن سے آئے ہوئے ماہرین سے ملاقات کا موقع ملا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اہم مقررین کا بھی شکریہ ادا کیا جوکہ مختلف ممالک سے آئے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے تجربات اور معلومات کو پاکستان کے تحقیق کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ شیئر کیا۔ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں جامعات اور انفرا اسٹرکچر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی اور ڈپارٹمنٹل ٹیکنالوجیکل لیبس کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ ٹیلنٹ پریقین رکھتے ہیں اورہمارے پاس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ میں ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے کمپیوٹر سوسائٹی آئی ای ای ای کراچی سیکشن ڈاکٹر صادق علی خان کو بھی مبارکباد دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، صوبائی مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی پیکیج نیاز سومرو اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کیا جہاں پر ترقیاتی کام زو ر و شور کے ساتھ جاری ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کراچی کے تیسرے مرحلے میں بالخصوص پسماندہ اور صنعتی علاقے مثلاً لیاری، کورنگی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں از سر نو تعمیر کے کام شروع کیے جائیں جس کے لیے تقریباً 4 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمیں شروع کی ہوئی ہیں ،انہوں نے ککڑی گراؤنڈ لیاری میں بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔