امریکا میں 12.5 ملین خواتین ڈپریشن کا شکار ہیں،فوزیہ صدیقی

130
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ کانفرنس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ادارہ نور حق میں خطاب کر رہی ہیں
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ کانفرنس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ادارہ نور حق میں خطاب کر رہی ہیں

کراچی (پ ر) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے تحت خواتین کے عالمی دن کے تناظر میں کانفرنس بعنوان ’’مغربی معاشرہ میں عورت کااستحصال‘‘ ادارہ نورحق کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بیٹیاں قوم کی عزت ہوتی ہیں اور جو قوم اپنی بیٹی کوعزت نہیں دے سکتی ،وہ ترقی نہیں کرسکتی ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ مغربی معاشرے میں عورت کا کوئی مقام نہیں ، 18ملین بچے امریکا میں اپنی شناخت سے محروم ہیں ،12.5ملین خواتین ڈپریشن کا شکار ہیں ،خواتین کو اغوا کرنا،انہیں قید کرنا ،ان کواپنے بچوں سے ملنے سے محروم کرنا امریکا کا دہرا معیارہے۔کانفرنس سے فنکشنل لیگ کے یوسف اسلم، صدر ایچ آراین، انتخاب عالم سوری، راجا شفقت علی، حاجی شریف الدین، حکیم نصر عسکری، سیکرٹری ایچ آر این شہزادمظہر اورشفیق اللہ اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پربشپ خادم بھٹو، نصر اختر، نعیم الدین نعیم ودیگر موجود تھے۔ انتخا ب عالم سوری نے کہا کہ مغربی تہذیب کی دلداد ہ آنٹیاں ڈالرز اور مراعات کے عوض مغرب کی آلہ کار بن رہی ہیں،اورمسلم معاشرے کیخلاف علم بغاوت بلند کررہی ہیں ،ہم ان کی ساز ش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اوراسلامی خاندانی نظام کا تحفظ کریں گے۔ انتخاب عالم سوری نے کہا کہ مسلم معاشرے کی اقداراور خاندانی نظام ہمار ااثاثہ ہے ،مغربی معاشرہ باپ کی شفقت سے محروم ہے اورما ں کو گوشہ عافیت کی زینت بنا رہا ہے ،ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو اپنے بچوں اورماں سے ٹیلی فون پر گفتگو سے محروم رکھا گیا ہے،یوسف اسلم نے کہا کہ عورت معاشرے میں رول ماڈل ہوتی ہے ،افسوس ہے کہ ہم مغرب کی جانب جا رہے ہیں ،ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے جدوجہد میں ہم سب ساتھ ہیں ،شہزاد مظہر نے کہا کہ مغرب میں عورت کو تماشا بنا رکھا ہے ۔عورت کااحترام اور اس کا تحفظ اسلام ہی میں ممکن ہے،اسلامی اقدار تہذیب و تمدن کیخلاف مظاہرے آئین کے خلاف ہیں۔شفیق اللہ اسماعیل نے کہا کہ عورت آزادی کے نام پر استحصال کا شکار ہو رہی ہے ،عورت کو اپنی حیثیت اور مقام خود متعین کرنا ہوگا۔افسوس ہے کہ ہم ہر کام میں مغرب کی تقلید کررہے ہیں۔راجا شفقت علی نے کہا کہ خواتین انڈین کلچر کو فالو نہ کریں ،اسلامی اقدار ہی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ حاجی شریف الدین نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو عورت کی عزت اور احترام کرنا چاہیے۔حکیم نصر عسکری نے کہا کہ مغربی تہذیب میں عورت کا کوئی مقام نہیں ،اسلام عورت کو مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔