پاکستان نے چین کیساتھ سی پیک2 کا معاہدہ کرلیا،شاہ محمود قریشی

130
ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

ڈھرکی /ملتان(محمد کلیم صادق بھٹی+صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کے ساتھ ’’سی پیک ٹو‘‘ کا معاہدہ کرلیا۔ ملتان اورگھوٹکی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی امتحان ختم نہیں ہوا، آنے والے دنوں کے امتحان کا سامنا کرنے کے لیے اعتمادسے آگے بڑھ رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سارک کو یرغمال بنا چکا ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کوسفارتی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی ہماری کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھے اوراپنے امن دشمن رویے میں تبدیلی لائے اسی میں اس کی بھلائی ہے،پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی ہم آنکھیں نکال دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں بھی بھرپور عوامی پذیرائی حاصل کرے گی اور یہاں کے لوگوں کو محرومیوں کی دلدل سے نکالے گی ۔