بلوچستان میں بارش ،برفباری ،سردی بڑھ گئی،نشیبی علاقے زیر آب ،سیلاب کا انتباہ

150

کوئٹہ /کراچی (نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) موسم سرما کا اختتام ہے لیکن ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے زیارت اورچمن کے علاقے کوڑک ٹاپ، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، گلستان، خانوزئی، برشور، بوستان اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹہ اور چمن کی مرکزی شاہراہ برفباری کے باعث پھر بند ہو گئی ہے ۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔بارش کے باعث صوبے کے متعدد علاقوں میں بجلی کے علاوہ گیس کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو دہری مشکلات کا سامنا ہے۔پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارش کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردی ہے جبکہ مسافروں کو آج اور کل غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث موسم میں ٹھنڈ برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، قلات میں 2، دالبندین میں 7، بارکھان میں 8، سبی میں 14، تربت میں 15، گوادر اور ڑوب میں 16، لسبیلہ میں 17 جبکہ زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجگور میں 4 اور ماڑہ میں 3 ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ ہو چکی ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا،۔اتوار کو کراچی میں صبح سے ہی موسم خوشگوار تھا اور مغرب سے آنے والے بارش کے سسٹم نے دن میں اپنا اثر دکھایا اور دوپہر کو شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی تو کہیں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم مزید سہانا ہوگیا، جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں گلشن اقبال، گلستان جوہر ، فیڈر ل بی ایریا، نارتھ کراچی ، نیو کراچی، بفر زون،نارتھ ناظم آباد، تین ہٹی ،گرومندر، آئی ئی چندریگر روڈ، ملیر کے کچھ علاقے، کلفٹن و دیگر علاقے شامل ہیں ، بارش کے بعد دن بھر 5 سے 10 ناٹیکل میل کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلتی رہیں اور موسم خوشگوار رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتورا کو کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولو جسٹ عبد الرشید کے کا کہنا ہے کہ مغرب سے آنے والا سسٹم شہر سے تقریباً نکل گیا ہے ، آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، بارش کا امکان نہیں ہے، البتہ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔دریں اثنا لانڈھی داؤد چورنگی پر بارش کے دوران نوجوان کو بجلی کا تار لگاتے ہوئے کرنٹ لگ گیا جو زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور اس کی جان بچ گئی۔ کے الیکٹرک ترجمان نے کہا ہے کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔