سندھ سوشل سیکورٹی نے آجران کی سہولت کیلئے ویب پورٹل کا آغاز کردیا،

98

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سندھ حکومت کی ہدایت پر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے آجران کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے ایک ویب پورٹل https://business.sindh.gov.pk کا آغاز کردیا ہے۔

یہ سہولت ابھی صرف کراچی کے آجران (تاجر، صنعت کار، بزنس مین طبقہ) کیلئے ہے۔ اس ویب پورٹل کا مقصد ایسے آجران جو سوشل سیکورٹی اسکیم میں اب تک رجسٹرڈ نہیں ہوئے یا اپنا نیا کاروبار شروع کررہے ہیں۔

اس ویب پورٹل کے ذریعے اپنے ادارے کر رجسٹر کراکر اسکیم کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ ویب پورٹل میں رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان رکھا گیا ہے۔ کوئی بھی آجر انٹرنیٹ کے ذریعہ business.sindh.gov.pk یا sessi.gov.pk کے ویب پورٹل پر جاکر اپنے کوائف کا اندراج کرکے اپنے ادارے کو رجسٹر کراسکتا ہے یا اپنے متعلقہ لوکل ڈائریکٹوریٹ سے رجوع کرکے یہ سہولت حاصل کرسکتا ہے۔ 

کمشنر سیسی کاشف گلزار شیخ نے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار وضع کرنے کو احسن اقدام قرار دیا اور کہاکہ یہ سہولت تاجروِ صنعتکاروں اور دیگر آجران کے لئے مفید ثابت ہوگی اور وہ بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے وضع ہونے سے شفافیت کا نیا معیار قائم ہوگا۔ ابھی صرف اداروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے عنقریب محنت کشوں اور ان کے لواحقین کی آن لائن رجسٹریشن اور آجران کی جانب سے تحفظ یافتہ محنت کشوں کے سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن کی آن لائن وصولی کا عمل بھی شروع کیاجائے گا۔

بعد ازاں اس سہولت کا دائرہ کار صوبے بھر میں بڑھادیاجائے گا۔ کمشنر سیسی کی ہدایت پر ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ نے کراچی کے تمام چھ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایمپائرزفیڈریشن آف پاکستان اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو انفرادی طور پر خطوط بھی ارسال کردیئے ہیں۔