آبادی کے پھلاؤ نے شہری مسائل پیدا کئے، عمران اسماعیل

100
وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹرسروش حشمت لودھی گورنرسندھ عمران اسماعیل کوشیلڈپیش کررہے ہیں
وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹرسروش حشمت لودھی گورنرسندھ عمران اسماعیل کوشیلڈپیش کررہے ہیں

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کم لاگت رہائشی منصوبے بڑے شہروں میں عوام کے لیے رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہیں،موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ملک سے غربت کا مکمل خاتمہ کیا جائے اس ضمن میں عوام کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ” ایفورڈایبل ہاؤسنگ نیا پاکستان” اسکیم کاآغاز کیا جبکہ صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی موجود ہ حکومت نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء شروع کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیراہتمام نیشنل ورکشاپ ” ایفورڈایبل ہاؤسنگ نیا پاکستان” کی منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں پلاننگ کے بغیر آبادی کے پھیلاؤکے باعث شہری مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً پلاننگ کے بغیر آباد ہونے والی آبادی میں سہولتوں کا فقدان وہاں رہائش پذیر عوام کے لیے مشکلات کا باعث ہے۔ اس ضمن میں کم لاگت رہائشی منصوبوں کے ذریعے اس مسئلہ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا نیا پاکستان ہاؤ سنگ اسکیم کے تحت اگلے پانچ برس میں ملک بھر میں 5 ملین ہاؤ سنگ یونٹس کی تعمیر کا ہدف پورا کیا جائے گا اور یہ ہاؤسنگ اسکیم بالخصوص معاشرے کے ان طبقات کے لیے ہوگی جو کم لاگت پر رہائش جیسی سہولیات حاصل کرسکیں۔اس ضمن میں ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب اس حقیقت سے باخوبی واقف ہیں کہ عوام تک سستی ہاؤسنگ کی فراہمی، زمین کے علاوہ تعمیراتی مواد اور عمارتوں کی تعمیرات کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ورکشاپ اکیڈمی میں ہاؤ سنگ ریسرچ سینٹرز کے نیشنل پلیٹ فارم کے قیام سے تعمیراتی لاگت کو کم کرنے اور معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، نیشنل ورکشاپ میں پاکستان کی تعمیراتی صنعت کے مختلف شعبوں سے ماہرین کی وسیع نمائندگی کی موجودگی خوش آئند ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی اور پی ایم ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے سربراہ ضیغم ایم رضوی نے بھی خطاب کیا۔